رام بھکتی کا اثر : رام مندر کی تعمیر کیلئے 17 دن میں 500 کروڑکا فنڈ جمع

ایودھیا؍لکھنؤ:(اردودنیا.اِن)وشو ہندو پریشد اور شری رام جنم بھومی ٹرسٹ کی جانب سے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے فنڈ کیلئے مہم چل رہی ہے۔ اس کا آغاز 15 جنوری کوہواتھا، اب تک ٹرسٹ کو پچھلے 17 دنوں میں 500 کروڑ روپے مل چکے ہیں۔ آج پیر سے ٹرسٹ نے مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا ہے۔ جنرل سکریٹری چمپت رائے ایودھیا میں گھر گھر جاکر رام مندر کی تعمیر کے لئے چندہ اکٹھا کررہے ہیں۔
ٹیمپل ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے کہا کہ یہ مہم 27 فروری تک چلے گی۔ جس میں رضاکار کوپن لے کر گھر گھر جا کر فنڈ جمع کرنے کی کوشش کریں گے۔ان کے مطابق رام مندر صرف عام آدمی کی مدد سے تعمیر ہوگا، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ مندر کی تعمیر اسی وقت شروع ہوئی تھی ،جب مندر کے مقام پر رام بھکتوں کا تسلط ہوگیا تھا،
تاہم اس کے بعد اسے کئی مراحل سے گزرنے پڑے ۔چمپت رائے نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 2 ہزار روپے سے زیادہ کا عطیہ چیک کے ذریعہ جمع کیا گیا تھا۔ رام جنم بھومی ٹرسٹ کے ایودھیا آفس کے انچارج پرکاش گپتا کے مطابق بینکوں میں بڑے پیمانے پر چیک جمع کرنے کا عمل جاری ہے،
لیکن ایک اندازے کے مطابق اس جاری مہم میں تقریبا 500 کروڑ روپئے جمع ہوں گے۔گپتا نے یہ بھی بتایا کہ اس مہم کے بعد ملک بھر میں مہم چل رہی ہے ، اب یکم فروری سے 27 فروری تک تقریباً 11 کروڑ خاندانوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور 10 – 100 اور ایک ہزار روپے کے کوپن کے ذریعہ فنڈ اکٹھا کرنا شروع کردیا گیا ہے۔



