
ریاض:(ایجنسیاں)سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے رفاہی اور خیراتی کاموں سے متعلق پلیٹ فارم احسان کے لیے 2 کروڑ ریال پیش کئے ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی سرکاری سطح پر قائم پلیٹ فارم کے لیے 1 کروڑ ریال کا عطیہ پیش کیا ہے۔ پلیٹ فارم کو گذشتہ ماہ مارچ میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کا مقصد مملکت میں فلاحی اور خیراتی کاموں کو منظم کرنے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ، وزارت انصاف، وزارت خزانہ، وزارت صحت، وزارت دیہی امور و ہاؤسنگ، وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور وزارت تعلیم کے ساتھ ساتھ ریاستی امن، مرکزی بینک اور حکومتی ڈیجیٹل کمیشن کی کوششوں کو یکجا کرنا ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مملکت میں ڈیٹا اینڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس سدایا کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن شرف الغامدی نے فلاحی اور رفاہی کاموں کے لیے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی جانب سے ان عطیات کو گراں قدر قرار دیا۔ انہوں نے مملکت کی طرف سے فلاحی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں تعاون کرنے پر مملکت کی دانش مند قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ الغامدی کے مطابق فلاحی کاموں کے میدان میں سعودی عرب عالمی سطح پر قائدانہ پوزیشن کا حامل ہے۔
اس میدان میں توجہ کی تاریخ مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کے دور سے وابستہ ہے۔ یہ سلسلہ موجودہ فرماں روا اور ولی عہد تک پہنچ گیا۔ پلیٹ فارم احسان کا مقصد مملکت میں ترقیاتی منصوبوں کی سپورٹ کرنا اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔



