
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن)روسی ساختہ کورونا ویکسین اسپوتنک پنجم جس کو حالیہ دنوں ہندوستان میں استعمال کی منظوری مل گئی ہے کے لئے اب مزید انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ بھارت میں برآمدکنندہ ڈاکٹر ریڈی لیبس نے کہا ہے کہ یہ ویکسین مئی سے جون تک ہندوستان میں دستیاب ہوگی۔ اس کی قیمت کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں اسپوتنک پنجم کی ایک خوراک کی زیادہ سے زیادہ قیمت 10ڈالر یعنی تقریباً 750 ہندوستانی روپے ہوگی۔
ڈاکٹر ریڈی لیابس کے ایم ڈی جی وی پرساد نے بتایا کہ یہ ویکسین مئی سے جون تک درآمدات کے ذریعہ بھارت میں دستیاب ہو گی۔ کووی شیلڈ اور کوویکسین کے بعد اسپوتنک پنجم تیسرا کورونا ویکسین ہے، جسے بھارت میں استعمال کے لئے منظوری ملی ہے ۔ واضح ہو کہ ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہرکے درمیان یکم مئی سے 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے ہر فرد کوویکسین دی جائے گی ۔
یہ پوچھے جانے پر کہ بھارت میں مئی جون تک کتنی خوراکیں دستیاب ہوں گی ؟ تو اس کے جواب میں پرساد نے کہا کہ اس ضمن میں ابھی بات چل رہی ہے ،لیکن میرے خیال میں لاکھوں خوراک ہوں گی۔قیمت کے بارے میں انہوں نے اس کی قیمت 10ڈالر ہوگی ،اوریہ ویکسین صرف نجی مارکیٹ میں ہی دستیاب ہوگی۔



