تلنگانہ کی خبریں

سرکاری ملازمین کو 29 فیصد فٹمنٹ اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 61 سال

چیف منسٹر کے سی آرچیف منسٹر کے سی آر کا فیصلہ، اسمبلی میں اعلان ہوگا، ملازمین میں جشن کا ماحول

تلنگانہ: (اردودنیا.اِن)تلنگانہ میں گریجویٹ زمرہ کی دو ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں سرکاری ملازمین کی تائید حاصل کرنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پی آر سی کے بارے میں اہم فیصلہ کیا ہے۔ ملازمین کی تنظیموں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر کے فیصلہ کی اطلاع دی گئی جس کے تحت سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کو 29 فیصد فٹمنٹ دیا جائے گا اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں تین سال کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سبکدوشی کی عمر 58 سال سے بڑھاکر 61 سال کردی جائے گی ۔

واضح رہے کہ پی آر سی سفارشات کے بارے میں ملازمین اور ٹیچرس میں بے چینی پائی جاتی ہے اور ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر حکومت اعلان سے قاصر ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد توقع ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مذکورہ فیصلوں کا اعلان کریں گے ۔

باوثوق ذرائع نے چیف منسٹر کے فیصلوں کی توثیق کی اور کہا کہ 15 مارچ سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کے دوران چیف منسٹر ملازمین ، ٹیچرس اور وظیفہ یابوں کے لئے خوشخبری سنائیں گے ۔ وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں توسیع کے احکامات پر جاریہ ماہ کے اختتام سے عمل آوری کا آغاز ہوگا۔

آندھراپردیش حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے 27 فیصد عبوری راحت کا اعلان کیا ہے لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ تلنگانہ کے ملازمین کو آندھراپردیش سے زیادہ عبوری راحت کے حق میں ہیں۔ پے ریویژن کمیشن نے دو ماہ قبل اپنی سفارشات پیش کردی ہے ، ان پر عمل آوری کے لئے چیف سکریٹری کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ۔

کمیٹی نے سرکاری ملازمین ، ٹیچرس اور وظیفہ یابوں کی تنظیموں سے مشاورت کرتے ہوئے حکومت کو سفارشات پیش کی ہیں۔ سرکاری ملازمین 40 تا 45 فیصد فٹمنٹ کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن ریاست کی کمزور مالی حالت کے پیش نظر انہیں 29 فیصد کیلئے راضی کیا گیا ہے۔ مارچ سے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کے فیصلہ سے 30,000 ملازمین کو فائدہ پہنچے گا ۔ 2021 ء مارچ سے 9001 افراد ، 2022 ء میں 10201 اور 2023 ء میں 11,000 سرکاری ملازمین وظیفہ پر سبکدوش ہورہے ہیں۔

ان تمام کو حکومت کے فیصلہ سے فائدہ ہوگا ۔ اسی دوران سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے چیف منسٹر کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے جشن منایا ہے۔ گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ آفیسرس کی تنظیموں کی جانب سے آتشبازی کی گئی اور چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا گیا ۔ ٹی آر ایس کو یقین ہے کہ یہ فیصلہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کا ضامن رہے گا ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button