الریاض:(ایجنسیز)اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) نے رواں ماہ کے شروع میں ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ سنہ 2019 میں عالمی سطح پر کھانے پینے کے ضیاع کی مقدار 931 ملین ٹن ہوگئی ، جس میں سے 40 ملین عرب دنیا میں خوراک کا ضیاع ہوتا ہے۔پہلے نمبر پر مصر کا شمار ہوتا ہے۔سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی وزراعت انجینیر عبدالرحمان الفضلی نے بتایا ہے کہ مملکت میں سالانہ 46 لاکھ 60 ہزار ٹن خوراک ضائع کی جاتی ہے جب کہ پوری دنیا میں سالانہ ضائع ہونے والی خوراک کا تخمینہ 1 ارب 30 کروڑ ٹن لگایا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خوراک کا ضیاع کم سے کم کرنے کے لیے اشیائے خوردو نوش کی خریداری میں توازن رکھیں۔سعودی عرب کے نائب وزیر ماحولیات منصور المشیطی نے بتایا کہ فوڈ سیکیورٹی کے میدان میں سعودی عرب بھرپور خدمات انجام دینے والے ممالک میں پیش پیش ہے۔
عوام اور حکومت دونوں غذائی تحفظ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور خوراک کا ضیاع روکنے کی پوری کوشش کی جار ہی ہے۔سعودی عرب کی جنرل آرگنائزیشن برائے اناج کے گورنر احمد الفارس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اشیائے خوردو نوش کے ضیاع کا سالانہ تخمینہ 40 بلین ریال ہے۔ آرگنائزیشن نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ استعمال کے بعد بچ جانےوالی خوراک کو استعمال میں لانے کے طریقے اختیار کریں۔



