
الریاض:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعے کی شب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قصر السلام جدہ کے ایوان شاہی میں مذاکرات کیے۔انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے موضوع پر بات چیت کی۔ سعودی پاکستانی اعلی رابطہ کونسل کے معاہدے پر دستخط کیے۔
دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دو معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم پاکستان عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر جمعے کی شب سعودی عرب پہنچے تھے۔ پاکستانی سفارتخانے کے ایک ترجمان کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
ولي العهد الأمير محمد بن سلمان أثناء استقباله دولة رئيس وزراء باكستان لدى وصوله المملكة.
–
— أخبار السعودية (@SaudiNews50) May 7, 2021
ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کے ہمراہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر فیصل جاوید اور صوبائی وزیر علیم خان بھی سعودی عرب پہنچے ہیں۔ وزیرِ اعظم مسجد نبوی میں حاضری بھی دیں گے اور مسجد الحرام میں عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔ وزیرِ اعظم عمران خان جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات بھی کریں گے۔ ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے مذاکرات کے آغاز میں مملکت آمد پر وزیراعظم پاکستان کو خوش آمدید کہا جبکہ عمران خان نے دورہ سعودی عرب اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔
مذاکرات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات تعاون کا دائرہ وسیع کرنے کی اہمیت، تعاون بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ یکجہتی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا جبکہ دونوں ملکوں کی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور و مسائل پر امن و استحکام کے فروغ کے حوالے سے نکتہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
عمران خان نے اسلامی اتحاد کے استحکام کے سلسلے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے قائدانہ کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔فریقین نے سعودی وژن 2030 کے تناظر اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے تناظر میں مہیا امکانات اور سرمایہ کاری کے شعبے دریافت کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ملکوں کے مضبوط عسکری اورسیکیورٹی تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب نے انتہا پسندی و تشدد کا مقابلہ کرنے، فرقہ واریت کو مسترد کرنے اورعالمی امن و سلامتی کے حصول کے لیے انتھک جدوجہد کی خاطر پوری مسلم دنیا کو مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے فتنے کے انسداد کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔ دہشتگردی کا کسی مذہب، نسل اور نہ ہی کسی رنگ سے کوئی تعلق ہے۔ ہر طرح کی دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہو اور کوئی بھی کررہا ہو۔



