
کیرالہ میں تیز بارش، کرناٹک میں ۴مو ت ,گوا میں ہوئی بجلی گل ،
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گجرات اور مہاراشٹر سمیت 7 ریاستوں کو بحیرہ عرب سے اٹھنے والے سمندری طوفان تاؤتے کے خطرہ کا سامنا ہے۔ کرناٹک کے 6 اضلاع پر اس کا برا اثر پڑا ہے۔ ان اضلاع کے 73 دیہات اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست میں اب تک 4 افراد کی موت ہوچکی ہے، ان 6 اضلاع میں سے 3 اضلاع ساحل سمندر سے متصل ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں سے موسلا دھار بارش ہورہی ہے ،
جب کہ کرناٹک میں 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،وہیں سمندری طوفان کے باعث گوا کے کئی اضلاع میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے، جبکہ کیرالہ کے کئی اضلاع میں تیز بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان سے گوا کے ساحلی علاقے متأثر ہوئے ہیں، اب یہ طوفان تیزی سے گجرات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بی ایم سی کے انتباہ کے پیش نظر580 مریضوں کو کووڈ کیئر سنٹر سے محفوظ مقامات پر منتقل کردیاگیا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق ، توقع ہے کہ اگلے 12 گھنٹوں کے دوران یہ ایک انتہائی شدید طوفان میں تبدیل ہوجائے گا۔
طوفان 18 مئی کی صبح پوربندر اور گجرات کے ساحل مہوا کے درمیان سے گزرے گا۔دریں اثناء وزیر داخلہ امت شاہ نے طوفان کے حوالے سے ایک اہم اجلاس طلب کی ہے، اس میں امدادی اور امدادی کاموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس مجازی میٹنگ میں مہاراشٹر اور گجرات کے وزرائے اعلی کے علاوہ دمن اور دیپ اور دادرا نگر حویلی کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔آئی ایم ڈی کے مطابق ہفتے کی دوپہر ڈھائی بجے یہ طوفان گوا کے پنجی ساحل سے 150 کلومیٹر جنوب مغرب میں ، ممبئی سے 490 کلومیٹر جنوب میں ، گجرات میں ویروال سے 880 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
طوفان کے دوران بارش کے ساتھ ہوا 150 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔جب کہ مہاراشٹر ، کیرالہ اور گجرات کے ساحل پر تین دن تک اس کے اثرات ہوں گے ۔ طوفان کا اثر تمل ناڈو ، کرناٹک ، مغربی راجستھان اور لکش دیپ پر بھی پڑ سکتا ہے۔خیال رہے کہ میانمار نے اس طوفان کا نام ’تاؤ تے ‘ رکھا ہے۔



