ممبئی :(اردودنیا.اِن)شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعرات کو یہ دعوی کیا ہے کہ مہاراشٹر میں مہا وکاس آگھاڈی (ایم وی اے) حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے گندی سیاست کی جارہی ہے اور اس طرح کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ راوت کا بیان اس وقت آیا جب ایک دن پہلے معطل پولیس اہلکار سچن واجے نے دعوی کیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے ممبئی پولیس میں ان کی خدمات جاری رکھنے کے لئے دو کروڑ روپے مانگے تھے اور ایک دیگروزیر انیل پرب نے ان سے ٹھیکیداروں سے رقم اکٹھا کرنے کو کہاتھا۔ شیوسینا رہنما پراب نے بدھ کے روز واجے کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان الزامات کی تحقیقات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے آنجہانی شیو سینا سربراہ بالاصاحب ٹھاکرے کی قسم کھائی اور کہا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔نامہ نگاروں کو انٹرویو دیتے ہوئے راوت نے کہا کہ جیل میں ملزموں کو خط لکھنے کا نیا رجحان شروع ہوچکا ہے۔
راجیہ سبھا ممبر نے کہا کہ ملک نے اس سے پہلے کبھی بھی اس طرح کی گندی سیاسی کھیل نہیں دیکھا جس میں جانچ ایجنسیوں اور سیاسی جماعتوں کے آئی ٹی سیل کا استعمال کرکے شبیہہ خراب کی جائے اورجیل میں بندملزموں سے خط لکھوائیں جائیں۔ راوت نے کہا کہ ایم وی اے حکومت کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔



