
تلنگانہ : (اردودنیا.اِن)ضلع سنگاریڈی کے منڈل جھراسنگم اسکول میں 12 طالبات کے کورونا پازیٹیو پائے جانے سے اولیائے طلبہ و سرپرستوں میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے۔ سنگاریڈی کستورباگاندھی گرلز اسکولی طالبات کی صحت بگڑنے پر تمام طلبہ ‘اساتذہ و غیر تدریسی عملہ کے کورونا معائنے کئے گئے ۔ معائنوں کے بعد 12طالبات کو کورونا کی توثیق ہوئی اور محکمہ صحت کی جانب سے ان کو گھریلو قرنطینہ میں رکھ کر علاج کا فیصلہ کیا گیا ۔
حکومت کی جانب سے یکم فروری سے تمام اسکولوں میں نویں اور دسویں جماعت کیلئے باضابطہ تعلیم کا آغازکیا گیا تھا اور 24 فروری سے چھٹویں تا آٹھویں جماعت کے باضابطہ آغاز کو منظوری دی گئی ۔ اس باوجود ریاست کے تمام اسکولوں بشمول سرکاری ‘ خانگی ‘ امدادی اور غیر امدادی میں مجموعی اعتبار سے 20 فیصد حاضری ریکارڈ نہیں کی جا رہی لیکن کئی سرکرہ خانگی اسکولوں سے باضابطہ کلاسس کی مشروط اجازت کے باوجود طلبہ کو مجبور کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہاہے کہ وہ کلاسس میں شرکت کریں جبکہ والدین آن لائن کلاس کو جاری رکھنے کے حامی ہیں ۔
لیکن کئی اسکولوں سے کہا جا رہاہے کہ اگر طلبہ باضابطہ کلاسس میں شرکت نہیں کرتے تو آن لائن کلاس نہیں چلائی جائیں گی۔سنگاریڈی میں ایک ہی اسکول کی 12 طالبات کو کورونا کی توثیق کے بعد نہ صرف اولیائے طلبہ بلکہ محکمہ تعلیم ‘ محکمہ صحت اور اسکولوں کے ذمہ داروں میں بھی ہلچل پیدا ہوچکی ہے ۔
کہا جارہا ہے کہ حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر جن اسکولوں میں عمل آوری نہیں کی جار ہی ہے اور جن میں آن لائن کلاسس کے علاوہ اسکولوں میں صفائی کے انتظامات اور سماجی فاصلہ کی برقراری جیسے قواعد کی پابندی نہیں کی جا رہی ہے ان کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عہدیدارو ںنے بتایاکہ کستوربا گاندھی گرلز ہائی اسکول میں 150 افراد کے کورونا معائنے کئے گئے جن میں 132طالبات و 18 افراد پر مشتمل عملہ ہے جن میں 12 طالبات کو کورونا کی توثیق ہوئی ۔
ریاپڈ اینٹی جین ٹسٹ میں 12طالبات کو کورونا کی توثیق کے بعد مابقی جن کی رپورٹ منفی آئی ان کے آر ٹی پی سی آر معائنوں کیلئے نمونے حاصل کئے جاچکے ہیں اور جلد ہی ان کے اور عملہ کے آرٹی پی سی آر کی رپورٹ بھی منظر عام پر آئے گی۔



