جودھ پور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) فلم اداکار سونو سود اب جودھپور ایمس میں داخل بلیک فنگس مریض کے لئے فرشتہ بن گئے ہیں،انہوں نے اس بیماری کے علاج کے لئے 10 انجکشن بھیجے ہیں۔ انہیں سب سے پہلے ممبئی سے دہلی روانہ کیا گیا۔ اس کے بعد دہلی سے سڑک کے ذریعہ جودھپور پہنچایا گیا ۔جودھ پور کے کمل کشور سنگھل ان دنوں ایمس میں زیر علاج ہیں۔ انھیں لیپوسومل، امفوٹیریسین بی لگایا جانا تھا ، لیکن وہ راجستھان میں نہیں پائے جاتے ہیں۔
اس صورت میں انہوں نے سوشل میڈیا پر سونو سودسے مدد مانگی،سونو سود نے انہیں مایوس نہیں کیا اور وہ کل رات ممبئی سے دہلی ر وانہ کردیا ۔ ہیتش جین اور جودھ پور کے راجویر سنگھ کچھوایا ان کے کام میں معاون ہیں ،یہ دونوں سونو کی ٹیم سے بھی وابستہ ہیں۔سونو نے انہیں رات کے وقت دہلی پہنچنے کا کہاتھا۔
جین نے بتایا کہ فلائٹ کل رات ڈیڑھ بجے دہلی پہنچی۔ ہم دوپہر ساڑھے تین بجے تک دوائی کا پارسل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے بعد ہم نے جودھ پور واپس سفر شروع کیا۔ تقریباً آٹھ گھنٹے میں ہم یہاں پہنچے اور انجکشن سنگھل کے اہل خانہ کو ایمس میں دیئے۔
واضح ہوکہ جودھ پور ایمس پچھلے کئی دنوں سے بلیک فنگس کے مریضوں کا علاج کر رہی ہے۔بتدریج مریضوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، لیکن مبینہ طور پر انتظامیہ مانگ کے مطابق ضروری ادویات کا بندوبست نہیں کرسکی ہے۔



