
سی بی ایس ای بورڈ 2021
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو آئندہ بورڈ کے امتحانات کے مراکز تبدیل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق طلبہ ایک الگ سینٹر سے پریکٹیکل اور تھیوری امتحانات کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ وہ طلبہ جو اپنے امتحانی مراکز کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں انہیں 25 مارچ تک اسکولوں میں درخواست دینی ہوگی۔
31 مارچ تک اسکول کے طلبہ کی درخواستوں کو سی بی ایس ای کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں گے۔واضح رہے کہ ایسا کورونا کی وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ کوویڈ مہاماری کی وجہ سے دسویں اور بارہویں جماعت کے کچھ طلبہ اپنے کنبے کے ساتھ کسی دیگر شہر یا ملک منتقل ہوگئے ہیں ،لہٰذا جن طلبہ کوسی بی ایس ای کی طرف سے سینٹر ملے ہیں وہ پریکٹیکل امتحان یا تھیوری امتحان میں شامل ہونے سے قاصر ہیں۔
ایسی صورتحال میں وہ طلبہ اپنے امتحانی مراکز کو تبدیل کرسکتے ہیں۔سی بی ایس ای نے اسکولوں کو ایک دن میں تین شفٹ تک کی اجازت دینے کے لیے شفٹ میں پریکٹیکل امتحان منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔ بورڈ نے کہا کہ اسے کچھ اسکولوں سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ وہ دو کے بجائے تین شفٹوں میں پریکٹیکل امتحانات منعقد کرسکتے ہیں ۔



