
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)اس بار سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے دسویں جماعت کے امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی بارہویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ امتحانات کی منسوخی پر جاری بحث کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز وزیر تعلیم کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک اور متعدد اعلی عہدیداروں کو امتحانات کے معاملے پر ایک اجلاس کے لئے بلایا۔
اس اجلاس کے بعدایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت نے 12 ویں کے امتحان ملتوی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر سی بی ایس ای کے 10ویں جماعت کے امتحانات منسوخ کردیا ہے۔وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ اس فیصلے کے بعد وہ یکم جون کو دوبارہ صورتحال کا جائزہ لے گا۔ وزارت نے کہا ہے کہ 10ویں جماعت کے بچوں کا رزلٹ نکالنے کے لیے بورڈ ایک پیمانہ سسٹم تشکیل دے گا اور 12 ویں کے امتحانات بعد میں منعقد کیے جائیں گے۔
در اصل 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات 4 مئی 2021 کو ملک میں شروع ہونے تھے ، لیکن کورونا کے ریکارڈ معاملے کو دیکھتے ہوئے امتحانات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا



