صدرنشین تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کے ہاتھوں ”دُروسِ اُردو“ نصابی کتاب کا رسمِ اجراء

حیدرآباد۔ 14۔ نومبر(ای میل)۔ تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کے زیر اہتمام اردو سے ناواقف افراد کو اور انگریزی میڈیم کے طلبہ کو اردوسیکھنے میں آسانی کی خاطر تین ماڈیولس پر مشتمل کتاب ”دروس ِ اُردو“ کی اشاعت عمل میں لائی گئی ہے۔ اس کتاب کی رسم اجراء آج سہ پہر جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صاحب صدرنشین تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ رسم اجراء تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے صدرنشین اردو اکیڈیمی نے مادری زبان کی اہمیت و افادیت بتاتے ہوئے کہا کہ مادری زبان صرف زبان نہیں ہوتی بلکہ یہ تہذیب‘ تمدن‘ ثقافت اور جذبات و احساسات کا حسین امتزاج ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مادری زبان اردو ہے جو اپنی شیرینی اور حلاوت کی وجہ سے نہ صرف ہندوستان میں بولی جاتی ہے بلکہ امریکہ‘ جرمنی‘ جاپان اور یورپ کے کئی ممالک میں اس زبان کے بولنے والے موجود ہیں اور وہاں کی کئی یونیورسٹیوں میں اردوپڑھائی جاتی ہے اور وہاں کے اسکالرس اردو دنیا میں نام کمارہے ہیں۔ صدرنشین اردواکیڈیمی نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی ریاست میں اردو زبان کے فروغ اور ترقی میں مصروف عمل ہے۔ اس ضمن میں اردو سے ناواقف افراد کو اردو سکھانے مختصر مدتی آن لائن اُردو بنیادی کورس کا آغاز کیا گیا جو پوری کامیابی کے ساتھ نہ صرف ریاست اور ملک بلکہ دنیا کے ہر حصہ میں دیکھا گیا اور ہزاروں لو گ اس سے مستفید ہورہے ہیں۔ اسی سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے یہ کتاب ترتیب دی گئی جس میں انگریزی میڈیم کے طلبہ کی سہولت کی خاطر انگریزی اصلاحات بھی دی گئی ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے ہماری ریاست میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیاہے اور اُردو کے فروغ کی کئی اسکیمات بھی یہاں چلائی جارہی ہیں۔ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صاحب نے کہا کہ صرف حکومت کی توجہ اور مراعات سے اردو کی ترقی نہیں ہوگی جب تک اُردو والے خود اس زبان کی ترقی کی طرف توجہ نہ دیں۔ اس لئے ہمیں چاہیے کہ اپنے نونہالوں اور غیر اردوداں افراد میں اردو زبان سیکھنے کا شوق پیداکریں اور اس کتاب کو ان افراد تک پہنچائیں۔صدرنشین اردواکیڈیمی نے اس کتاب کی تیاری میں حصہ لینے والوں خاص کر ڈائرکٹر /سکریٹری اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد غوث‘ مدیر کتاب پروفیسر فضل اللہ مکرم‘ معاونین نصابی کمیٹی جناب احمداللہ قریشی سابق پرنسپل‘ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی اسسٹنٹ پروفیسراین ٹی آر گورنمنٹ ڈگری کالج محبوب نگر‘ ڈاکٹر محمد عبدالعزیز سہیل ٹی جی ٹی ٹمریز‘ جناب فاورق طاہر ایس جی ٹی اور اردو اکیڈیمی کے عہدیداران و اراکین عملہ جن کی کاوشوں سے اس نصابی کتاب کی تیاری ممکن ہوسکی‘ تمام اصحاب کو مبارک باددی اور امید کی کہ یہ کتاب اردو سے نابلد اصحاب اور انگریزی میڈیم کے طلبہ کے لئے کارآمد ثابت ہوگی۔ جناب ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر /سکریٹری اردو اکیڈیمی نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام غیر اردو داں اصحاب کو اردو سکھانے ایک منفرد کتاب”دروسِ اُردو“ کے نام سے شائع کی گئی ہے‘ اس کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ا نگریزی میڈیم کے طلبہ کی سہولت کی خاطر ضرورتاً انگریزی اصلاحات بھی دی گئی ہیں اور یہ کتاب تین ماڈیولس پر مشتمل ہے جس میں پہلا ماڈیول اُردو حروف تہجی‘ حروف کی آوازیں‘ نصف شکلوں اور مختلف حرکات پر مشتمل ہے‘ جب کہ دوسرا ماڈیول اردو قواعد کے لئے مختص کیا گیا ہے‘ اور تیسرے ماڈیول میں مختصر کہانیاں اور مضامین وغیرہ دئے گئے ہیں جس سے اردو سیکھنے والوں کو کافی سہولت ہوگی۔انہوں نے قوم اور ملت کے باشعور افراد‘ انجمنوں‘تنظیموں اور ادروں کے ذمہ دار وں سے خواہش کی ہے کہ وہ اس کتاب کی رسائی غیر اردوداں اصحاب تک کرانے کی کوشش کریں۔ ڈائرکٹر / سکریٹری ڈاکٹر محمد غوث نے جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدرر نشین تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جناب صدرنشین صاحب نے باوجود خرابی صحت کے اس کتاب کی رسم اجراء انجام دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب صدرنشین صاحب کی مکمل صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ کتاب کی رسم ا جراء تقریب میں معززین کے علاوہ اُردواکیڈیمی کے عہدیداران و ارکان عملہ بھی شریک تھے۔



