
دبئی:(ایجنسیاں) یورپی یونین کی ایک عدالت نے لیبیا کے مقتول مرد آہن کرنل مُعمر قذافی کی صاحبزادی عائشہ قذافی کا نام سنہ 2011 کو تیار کی جانے والی پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ عائشہ قذافی بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کے لیے اب خطرہ نہیں رہی ہیں۔
لکسمبرگ میں قائم یورپی یونین کی عدالت نے اپنے فیصلے میں اس بات پر زور دیا ہے کہ عائشہ قذافی برسوں سے لیبیا میں مُقیم نہیں ہے اور اس کا لیبیا کی سیاست اب کوئی کردار نہیں رہا ہے۔کسی شخص یا کمپنی کو یورپی پابندیوں کی فہرست سے شامل کرنے یا ان کے خاتمے کا فیصلہ متفقہ طور پر یورپی کونسل کے ممبر ممالک کرتے ہیں۔
یورپی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے ’’اے ایف پی‘‘ کو بتایا کہ کونسل عائشہ قذافی کو لیبیا پر لاگو پابندیوں کی فہرست میں شامل رکھنے کے فیصلوں کو منسوخ کرنے کے عدالت کے فیصلے کا بغور جائزہ لے گی اور یہ فیصلہ کرے گی کہ کس طرح آگے بڑھا جائے۔



