
ممتا بنرجی نے بی جے پی پرانتخابات کے دوران نوٹ باٹنے کاالزام لگایا
کولکاتہ: (اردودنیا.اِن)مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی مہم کے درمیان بی جے پی اور ٹی ایم سی کے درمیان زبانی جنگ جاری ہے۔ آج وزیراعلیٰ اورٹی ایم سی کی صدر ممتا بنرجی نے بی جے پی پر انتخابات کے دوران رقم تقسیم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ انتخابات کے دوران بی جے پی قائدین نقد سے بھرا ایک بیگ لاتے ہیں اور ووٹرز کو رقم دیتے ہیں ، لیکن جب کوئی پریشانی ہوتی ہے تو وہ کہیں نظر نہیں آتے ہیں۔
ممتابنرجی نے کھڑگ پور میں ایک ریلی میں کہاہے کہ اگر بی جے پی انتخابات کے دوران رقم بانٹتی ہے تو پیسہ کے پیچھے نہ بھاؤ۔ یاد رکھنا یہ عوامی پیسہ ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ تبدیلی ممتا بنرجی کا نعرہ ہے۔ تم ممتا بنرجی کے نعرے کو کیوں نقل کرتے ہو؟۔ بنگال جیتنے کے بعد ہم دہلی آئیں گے اور بی جے پی کو ہلا دیں گے۔ممتابنرجی نے ایک اور ریلی میں کہاہے کہ میں شیر کی طرح ہوں اور میں سر نہیں جھکاؤں گی۔ میں صرف عوام کے سامنے اپنا سر جھکاتی ہوں۔
لیکن بی جے پی جیسی پارٹی خواتین اور دلتوں پر ظلم و ستم کرتی ہے۔ میں ان کی حمایت نہیں کرتی۔یہاں مغربی مدناپورمیں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے سربراہ نے دعویٰ کیاہے کہ بی جے پی قائدین ہیلی کاپٹروں اورطیاروں میں باہر سے نقد لے کر یہاں پہنچتے ہیں۔
انہوں نے کہاہے کہ ترنمول کانگریس کی حکومت نے طوفان سے متاثرہ افراد کے لئے ہزاروں کروڑ روپے کی مدد کی ہے۔ ایک یا دومستثنیات ہوسکتے ہیں۔لیکن ہم لوگوں کی مدد کرنے پہنچ گئے ہیں۔ تب بی جے پی قائدین کہاں تھے؟ وہ انسانیت سوزبحران کے دوران ہمیشہ لاپتہ رہتے ہیں۔



