
پارلیمنٹ میں وزیرداخلہ کابیان ، اصلاحات کیلئے بن گئی ہے کمیٹی
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)فریڈم ہاؤس اور وی ڈیموکریسی کی حالیہ رپورٹ میں ملک سے غداری قانون کے مبینہ غلط استعمال کولے کراٹھ رہے سوالات کے درمیان مودی سرکار نے اب انگریزوں کے زمانے سے چل رہے اس قانون میں ترمیم کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کشن ریڈی نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ حکومت نے فوجداری قانون میں اصلاحات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور اس کے لئے تمام فریقوں سے تجاویز طلب کی ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ کشن ریڈی نے بدھ کے روز راجیہ سبھا میں کہا کہ حکومت نے فوجداری قانون میں اصلاحات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں غداری بھی شامل ہے اور تمام فریقوں سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ ریڈی راجیہ سبھا میں وقفہ سوال کے دوران اضافی سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سن 2019 میں ملک سے بغاوت کے قانون (آئی پی سی کی دفعہ 124 اے) کے تحت 96 گرفتاری عمل میں لائی گئی اور دو افراد کو سزا سنائی گئی۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ وزراء اعلی اور مرکزی علاقوں کے لیفٹیننٹ گورنرز کے علاوہ این جی اوز اور دیگر تنظیموں سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ حکومت تجاویز ملنے کے بعد ملک سے بغاوت کے قانون میں ترمیم پر غور کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ قانون نیا نہیں ہے بلکہ پرانا ہے اور اس سے قبل 1948، 1950، 1951 اور 1955 میں کانگریس کے دور میں ترمیم کی گئی تھی۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حکومت بغاوت قانون میں ترمیم پر غور کرے گی؟ انہوں نے کہاکہ ہم ایک بڑا قدم اٹھانے جارہے ہیں۔ نیشنل لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی صدارت میں فوجداری قانون میں اصلاحات کے لئے ایک نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔




