قاہرہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مصر ی صدر عبدالفتاح السیسی نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جاری لڑائی روکنے کے حوالے سے امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی انتظامیہ کے کردار کی تحسین کی ہے۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پرپوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو کامیاب بنانے، متحارب فریقین میں جنگ بندی کے مصری اقدام کی حمایت کرنے پر امریکی صدر جوبائیڈن کے شکرگذار ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ غزہ میں جاری لڑائی روکنے کے لیے مصر کی سفارتی کوششوں میں امریکہ اور دوسرے ممالک نے بھرپور حمایت کی۔ مصر کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو یقینی بنانے میں معاونت مصر اور امریکہ کے درمیان گہرے تزویراتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
مصری صدرنے جمعرات کی شام دو الگ الگ سفارتی وفود اسرائیل اور فلسطینی اراضی میں بھیجے ہیں تاکہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی کوششوں کو آگے بڑھایا جاسکے۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق مصری وفود غزہ میں لڑائی روکنے اور جنگ بندی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کی نگرانی کریں گے۔



