دبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)فرانسیسی سکیورٹی فورسز کے ہزاروں اہلکاروں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر تشدد کے خلاف اور اپنے لیے سیاسی حمایت میں اضافے کے مطالبے کے ساتھ پیرس میں ایک مظاہرہ کیا ہے۔ اس مظاہرے کا موٹو تھا، ’تنخواہ خدمت کی ملتی ہے، مرنے کے لیے نہیں‘‘۔ فرانس کی پارلیمان کے سامنے قریب 35 ہزار پولیس اہلکاروں نے ملکی سکیورٹی فورسز پر ہونے والے تشدد کے خلاف یہ مظاہرہ کیا۔
ان کی شکایت ہے کہ پولیس کے پاس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب اسلحہ یا ساز وسامان نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ ڈرگ مافیا جیسے جرائم پیشہ گروہوں پر بہت کم جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ رواں ماہ کے اوائل میں فرانس کے شہر ’آوینیوں‘ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک پولیس افسر ہلاک ہو گیا تھا۔