بین الاقوامی خبریں

فلسطینی اسیر کی 45 روز سے بھوک ہڑتال جاری، حالت تشویشناک

مقبوضہ بیت المقدس:(ایجنسیاں)قابض اسرائیلی ریاست کی جیل میں قید ایک فلسطینی عماد البطران نے انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج مسلسل 45 روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔ ڈیڑھ ماہ سے جاری بھوک ہڑتال کے باعث اسیر کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے۔کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے باربار اسیر البطران کو ایک سے دوسری جیل میں منتقل کرنیکا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

اسے مجد جیل میں قید کیا گیا اس کے بعد اسے الرملہ جیل منتقل کیا گیا۔ وہاں سے اسے نیتزان الرملہ منتقل کیا گیا ہے۔کلب برائے اسیران کے مطابق جیلوں میں قیدیوں کی بے رحمانہ تلاشی اورانہیں ایک سے دوسری جیلوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے خلاف انتقامی حربوں میں یہ بھی ظالمانہ حربے ہیں۔

خیال رہے کہ 47 سالہ البطران کو بار بار انتظامی قید میں ڈالا جاتا رہاہے۔ وہ مجموعی طور پر 10 سال کا عرصہ صہیونی زندانوں میں قید کاٹ چکا ہے۔سال 2013میں اس نے مسلسل 105 دن اور 2016میں انتظامی قید کے خلاف 36 دن بھوک ہڑتال کی تھی۔ پانچ بچوں کے باپ البطران کے ایک بھائی طارق البطران کو عمر قید کی سزا کا سامنا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button