قومی خبریں

فڈنویس حکومت کے دوران کرن جوہر کی پارٹی کی تفتیش کیوں نہیں کی گئی سچن ساونت

منشیات لینے کا اعتراف کرنے والی کنگنا سے این سی بی پوچھ گچھ کرنے کی ہمت کب دکھائے گی؟

ممبئی:(ایجنسیاں) این سی بی نے فلمساز و ہدایتکار کرن جوہر کو اپنے گھر کی پارٹی کی ایک ویڈیو کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔ یہ ویڈیو 2019 میں وائرل ہوئی تھی ، جب ریاست میں فڈنویس کی حکومت تھی۔ اس وقت فڈنویس حکومت یا این سی بی کواس ویڈیو کی تحقیق کیوں نہیں سوجھی؟ گھر کی پارٹی کی ویڈیو کی بنیاد پر کرن جوہر کو تفتیش کے لیے طلب کرنے والی این سی بی کنگناراناؤت کو پوچھ گچھ کے لئے بلانے سے کیوں خوفزدہ ہے؟ یہ سوالات آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کئے ہیں۔ وہ پارٹی کے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قومی تفتیشی ایجنسیاں بی جے پی حکومت کی کٹھ پتلی بن چکی ہیں۔ یہ مرکزکی بی جے پی حکومت کے اشاروں پر ہی ناچتی ہیں یہ مسلسل واضح ہوتا جارہا ہے۔ این سی بی، ای ڈی، سی بی آئی، محکمہ انکم ٹیکس وقومی تفتیشی ایجنسی سلیکٹیو تفتیش کرتی نظر آرہی ہیں۔ ایک پارٹی کی ویڈیو کی بنیاد پر اگر کرن جوہر کی تفتیش کی جاسکتی ہے تو پھر کنگناراناوت کی تفتیش کرنے کی ہمت این سی بی کیوں نہیں دکھارہی ہے۔ اسے قصداً نظرانداز کرنے کے پسِ پشت این سی بی کا کون سامفاد وابستہ ہے؟ کرن جوہر کی وائرل ویڈیو2019کی ہے، اس وقت وزارتِ داخلہ فڈنویس کے پاس تھا، اس لیے فڈنویس کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے۔
ساونت نے کہا کہ سوشانت سنگھ راجپوت موت معاملے میں منشیات کا زاویہ تلاش کرنے کے لئے این سی بی کو ای ڈی نے طلب کیا تھا، مگر سوشانت سنگھ معاملے میں منشیات کا اینگل تلاش کرنے میں این سی بی مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ اب این سی بیکی حالت’ جانا تھا جاپان پہونچ گئے چین‘ والی ہوگئی ہے۔ یہاں تک کہ سی بی آئی بھی سوشانت سنگھ معاملے میں ممبئی پولیس کی تفیش کے برعکس کچھ نکال سکی ہے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ سی بی آئی بے چارگی کے عالم میں بیٹھی ہوئی ہے۔ سوشانت سنگھ کی خودکشی کو اپنے گھناؤنے سیاسی مفاد کے لیے استعمال کرنے کے لیے بی جے پی نے قومی تفتیشی ایجنسیوںکو استعمال کیا۔ آج بھی یہی کچھ ہورہا ہے۔ ڈرگس کی تفتیش کی آڑ میں بالی ووڈ کو اترپردیش لے جانی کی مہم کے تحت بالی ووڈ، مہاراشٹر اور ممبئی پولیس کو بدنام کرنے کی ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے۔ ساونت نے کہا کہ اترپردیش کے وزیراعلیٰ آدتیہ ناتھ کے اترپردیش میں فلم سٹی قائم کرنے کے اعلان کے بعد سے اس طرح کی حرکتیں بالی ووڈ پر دباؤ ڈالنے کے لیے کی جارہی ہیں۔ سچائی یہ ہے کہ ایک جانب ممبئی پولیس کا نارکوٹکس شعبہ سیکڑوں کلو منشیات کا ذخیرہ پکڑ رہی ہے لیکن این سی بی کو گرام کی مقدار میں بھی ڈرگس نہیں مل رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button