رانچی: (اردودنیا.اِن)جھارکھنڈ کے صدر مقام رانچی میں ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں اپنے فیس بک دوست سے ملنے کے لئے ہوٹل پہنچی لڑکی کی لاش مشتبہ حالات میں ملی۔ اس کی لاش ہوٹل کے کمرے میں پڑی تھی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے اور ہوٹل کے کمرے کو سیل کردیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ فارنسک ٹیم نے جائے وقوع کا معائنہ کیا ہے اور تفتیش کے لئے وہاں سے متعدد اشیاء کو اٹھایا ہے۔
خاتون کے لواحقین نے ان پر عصمت دری کے بعد زہر دے کر قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ تمام خدشات کے پیش نظر لڑکی کے ویزرا نمونہ محفوظ رکھا گیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ لڑکی کا فیس بک فرینڈ اوڈیشہ کے سندر گڑھ سے ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ہے۔
اس سارے معاملے کو سمجھنے کے لئے اس سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ نیز پولیس اس معاملے میں لڑکی کے موبائل اور فیس بک اکاؤنٹ وغیرہ کی تفتیش کر رہی ہے۔پولیس اس معاملے میں ان دونوں کے اہل خانہ سے بھی بات کر رہی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ کچھ دوسرے دوستوں کی تفصیلات بھی دریافت کی جارہی ہیں۔ وہاں موجود عملے سے اس خاتون کی ہوٹل میں آمد کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
فی الحال ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی تفتیش کی جاسکتی ہے۔



