نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی ہائی کورٹ نے کہا کہ دارالحکومت میں کوویڈ 19 کے مریضوں کو آکسیجن کی مناسب فراہمی نہیں کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت سے پوچھا کہ کیا صنعتوں کو آکسیجن سپلائی کم کرکے وہ اسے مریضوں کو مہیا کرسکتی ہے۔جسٹس وپن سنگھی اور ریکھا پیلی کی بنچ نے مرکزی حکومت کو بتایاکہ صنعتیں انتظار کر سکتی ہیں،مریض نہیں ، انسانی جان کو خطرہ ہے۔
بنچ نے کہا کہ یہ سنا ہے کہ گنگا رام اسپتال کے ڈاکٹر کووڈ 19 کے مریضوں کو دی جانے والی آکسیجن کو کم کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ یہاں جان بچانے والی گیس کی قلت ہے۔عدالت نے مرکزی حکومت کی ایڈوکیٹ مونیکا اروڑا سے پوچھاکہ وہ کون سی صنعتیں ہیں جن کی آکسیجن سپلائی کم نہیں کی جاسکتی ہے۔ بنچ نے اروڑا سے یہ بھی معلومات دینے کو کہا کہ کووڈ 19 کے مریضوں کے لئے مناسب آکسیجن فراہمی کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے؟۔



