بی جے پی کے مقابلہ امیدوار کھڑا نہ کرنے سے ٹی آر ایس کا اتفاق ۔ کے ٹی آر سے ملاقات
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن)بی جے پی کی اپیل پر ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے جی ایچ ایم سی کے ڈیویژن لنگوجی گوڑہ کے ضمنی انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی کے سابق رکن قانون ساز کونسل این رمچندرا راؤ کی قیادت میں بی جے پی کے ایک وفد نے پرگتی بھون پہنچ کر کے ٹی آر سے ملاقات کی اور لنگوجی گوڑہ ڈیویژن کے ضمنی انتخابات کو بلامقابلہ بنانے کیلئے ٹی آر ایس کی طرف سے امیدوار کو مقابلہ نہ کرانے کی اپیل کی۔
بی جے پی کے قائد نے کہا کہ حالیہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں بی جے پی نے اس حلقہ سے اے رمیش گوڑ کو امیدوار بنایا تھا جس کی حلف برداری تقریب سے قبل موت واقع ہوگئی ہے۔ بی جے پی نے آنجہانی قائد کے فرزند کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لہٰذا ٹی آر ایس اپنا امیدوار انتخابی میدان میں نہ اتاریں۔
کے ٹی آر نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر سے بات چیت کرچکے ہیں۔ کے سی آر نے بھی امیدوار کو انتخابی میدان میں نہ اتارنے سے اتفاق کیا ہے۔ لہٰذا لنگوجی گوڑہ ڈیویژن کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار کھڑا نہ کرتے ہوئے انتخابات کو بلامقابلہ بنانے میں مکمل تعاون کرے گی۔
باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے بی جے پی کے دو وفود کی جانب سے لنگوجی گوڑہ کے ضمنی انتخابات کو بلامقابلہ بنانے کیلئے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی اور ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی سے ملاقات کرنے پر اپنے ہی پارٹی کے قائدین پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ جیتنے والے حلقہ کیلئے ٹی آر ایس اور کانگریس کے قائدین سے ملاقات کی کیا ضرورت تھی



