
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن)الیکشن کمیشن نے جمعرات کو کہا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے میں 76 فیصد سے زیادہ رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔دہلی میں کمیشن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری مرحلے میں، 35 اسمبلی حلقوں کے تمام 11860 پولنگ مراکز پر ووٹنگ پرامن رہی۔
جمعرات کے روز ایک بار پھر سیتلکوچی اسمبلی حلقہ میں امتالی سیکنڈری ایجوکیشن سینٹر نامی پولنگ اسٹیشن پردوبارہ پولنگ ہوئی۔مرکزی سیکیورٹی فورسز کی مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد 10 اپریل کو کوچ بہار کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ منسوخ ہوگئی تھی۔ الزام ہے کہ کچھ مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کی رائفل چھیننے کی کوشش کی جس کے بعد فائرنگ ہوئی۔کولکاتہ میں مغربی بنگال کے چیف انتخابی افسر (سی ای او) عریز آفتاب نے بتایا کہ پولنگ کے اعدادوشمارکچھ اضافہ بھی ہوسکتاہے۔آفتاب نے بتایا کہ ضلع ویربھوم میں سب سے زیادہ 81.87 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے بعد مالدہ میں 80.06 فیصد، مرشد آباد میں 78.07 فیصد اور کولکاتہ میں 57.53 فیصد رہا۔انہوں نے کہاکہ ووٹنگ آج پر امن رہی، لیکن تشدد کے کچھ واقعات رپورٹ ہوئے۔کمیشن کے مطابق آٹھویں مرحلے میں ووٹنگ کے 11860 بیلٹ یونٹ، 11860 کنٹرول یونٹ اور 11860 وی وی پی اے ٹی استعمال ہوئے۔



