قومی خبریں

مغربی بنگال میں 8مرحلے میں اسمبلی انتخابات کروانے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی

 نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)مغربی بنگال میں 8مرحلے میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے خلاف سپریم کورٹ میں پی ایل داخل کی گئی ہے، کل اس پر سماعت ہوگی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مغربی بنگال کے ساتھ مزید 4 ریاستوں میں بھی انتخابات ہونے والے ہیں، لیکن ان میں ووٹنگ کا شیڈول اتنا طویل نہیں رکھا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں انتخابات کی مدت کو کوئی مناسب وجہ بتائے بغیر باقی ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ طویل رکھا ہے۔

ایڈوکیٹ منوہر لال شرما کی درخواست میں ریاست میں انتخابی مہم کے دوران جے شری رام کے نعرے بلند کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق اس طرح کے نعرے بلند کرنا مذہبی بنیادوں پر ووٹ مانگنا ہے۔ سپریم کورٹ نے اس کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے۔ درخواست گزار نے سیاسی وجوہات کی بناء پر انتخاب کے دوران سی بی آئی کے غلط استعمال کا بھی الزام لگایا ہے۔

اس عرضی میں الیکشن کمیشن کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ، حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے شوبیندو ادھیکاری اور سی بی آئی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ اس معاملے کو کل چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس اے ایس بوپنا اور وی رام سبرامنیم کی بنچ میں اٹھایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button