
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن)مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 78.36فی صد رائے دہندگی ریکارڈکی گئی ہے۔ اس مرحلے میں 6 اضلاع کی 45 اسمبلی نشستوں پر پولنگ ہوئی ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں آج 45 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی ہے۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 1.13 کروڑ رائے دہندگان نے 319 امیدواروں کی سیاسی قسمت کافیصلہ کیاہے جن میں سلی گوڑی کے میئر اشوک بھٹاچاریہ ، وزیر مملکت بروٹھی اور بی جے پی کے سامک بھٹاچاریہ شامل ہیں۔
کوچ بہار میں سی آئی ایس ایف کی فائرنگ سے چار افراد کی ہلاکت اور نامعلوم افراد کے حملے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد الیکشن کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ حق رائے دہی کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی فورسز کی کم از کم 853 کمپنیاں تعینات کردی ہیں۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران ، بی جے پی خطے کی زیادہ سیٹوں پر ترنمول کانگریس سے آگے تھی۔
سنہ 2016 کے اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس نے 32 نشستیں ، بائیں بازو محاذ کانگریس اتحاد نے خطے میں دس نشستوں پرکامیابی حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کو کوئی سیٹ نہیں ملی تھی۔ ریاست میں 294 رکنی اسمبلی کے لیے آٹھ مراحل میں انتخابات ہو رہے ہیں۔ پہلا مرحلہ 27 مارچ کو تھا اور آخری مرحلہ 29 اپریل کو ہے۔



