کووڈ19 کی سب سے زیادہ مار جھیل رہی 12 ریاستوں کالیا جائز ہ
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں کووڈ19 کی صورتحال سے متعلق جامع جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس دوران ان کے ہمراہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن، وزیر صحت ڈاکٹر ہرش ورھن، پیوش گوئل اور دیگر وزراء اور اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں اور اضلاع میں کورونا سے بگڑتی ہوئی حالت کی تصویر وزیر اعظم مودی کو پیش کی گئی۔
جائزہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 12 کے قریب ریاستیں ایسی ہیں جہاں ایک لاکھ سے زیادہ سرگرم معاملات ہیں۔ ساتھ ہی وزیر اعظم نے ان اضلاع کے بارے میں بھی جانا جن میں سب سے زیادہ فعال کورونا انفیکشن کیسز ہیں۔میٹنگ کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ریاستوں کے ذریعہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو تیز کرنے کے لئے کس طرح کام کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ہدایت دی کہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے لئے ریاستوں کو مدد اور مشورے دئے جائیں۔
اس اعلی سطحی جائزہ اجلاس کے دوران پی ایم مودی نے دوائیوں کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ کورونا میں ریمیڈیسویر اور دیگر ادویات کی کس حد تک موثر پیداوار میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی پی ایم مودی نے اگلے چند مہینوں میں ٹیکہ لگانے کی نوعیت اور اس سمت میں جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایاگیا کہ تقریبا 17 کروڑ 7 لاکھ ویکسین ریاستوں کو فراہم کی جاچکی ہیں۔



