
ملک کی جیلوں میں قید 27.37فیصد قیدی ناخواندہ ،اترپردیش سرفہرست:وزارت داخلہ

نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ملک کی جیلوں میں قید 478600 قیدیوں میں سے 132729 (27.37 فیصد) ناخواندہ ہیں جبکہ 5،677 تکنیکی ڈگری یا ڈپلوما رکھتے ہیں۔ مرکزی وزیر برائے امور داخلہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار میں یہ معلومات دی گئی ہیں۔ حال ہی میں مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ جی کشن ریڈی نے قیدیوں سے متعلق اعداد و شمار متعارف کروائے تھے جو 31 دسمبر 2019 تک نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے تازہ ترین اعداد و شمار پر مبنی تھا۔
قیدیوں کی تعلیم سے متعلق سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جیلوں میں قید 198872 (41.55 فیصد) قیدیوں نے دسویں جماعت سے کم تعلیم حاصل کی ہے، جبکہ 103036 (21.52 فیصد) نے دسویں جماعت سے آگے پڑھائی کی ہے لیکن گریجویشن سے کم تعلیم حاصل کی ہے۔
اس کے مطابق 30201 (6.31 فیصد) قیدیوں نے بیچلر ڈگری حاصل کی ہے جبکہ 8085 (1.68 فیصد) نے پوسٹ گریجویشن مکمل کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش میں سب سے زیادہ 101297 قیدی ہیں۔



