طلباء کو بھرپور تغذیہ فراہم کرنے میں کوکنگ ورکرس کا رول ناقابل فراموش
حیدرآباد۔ 11/جنوری (اردودنیانیوز) ’مڈ ڈے میلس کوکنگ ورکرس یونین‘ کے ایک وفد نے آج تلنگانہ رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا سے حیدرآباد میں ان کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے انہیں سال نو کی مبارکباد پیش کی۔ ساتھ ہی ورکرس نے کوکنگ ورکرس کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کرواتے ہوئے میمورنڈم پیش کیا۔
رکن قانون ساز کونسل نے ان کے مسائل کی بغور سماعت کی اورمسائل کے یکسوئی کیلئے مساعی کرنے کا تیقن دیا۔ کویتا نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے لڑکے اور لڑکیوں کو بھرپور تغذیہ مہیا کرنے میں مڈ ڈے میل کوکنگ عملہ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ کویتا نے کہا کہ ریاستی حکومت مڈ ڈے میل اسکیم کو مذید بہتر بنانے کوشاں ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت تعلیم پر خصوصی توجہہ مرکوز کرتے ہوئے کمزور طبقات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کئی ایک اقدامات کررہی ہے اور اسی مقصد کے تحت ریاست بھر میں اقلیتی اقامتی اسکولس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے
جہاں طلباء کو ہر طرح کی معیاری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ طلباء کو بھرپور تغذیہ فراہم کرنے چیف منسٹر کے عزم کو پورا کرنے میں مڈ ڈے میل عملہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملاقات کرنے والے وفد میں مڈ ڈے میل کوکنگ ورکرس یونین کے ریاستی صدر ہنومنڈلو اور جنرل سکریٹری ڈی بابائی موجود تھے۔




