تلنگانہ کی خبریں

مہاراشٹرا سے تلنگانہ میں داخلہ کے راستوں کی ناکہ بندی

ٹرانسپورٹ اور مسافرین کی گاڑیوں کو اجازت نہیں، کورونا میں اضافہ کے پیش نظر پولیس اور ریونیو حکام کا فیصلہ

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹرا سے عوام کے تلنگانہ میں داخلہ سے کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے پولیس نے نظام آباد سرحد پر مہاراشٹرا سے آنے والے راستوں کی ناکہ بندی کردی ہے ۔ اتوار کی آدھی رات سے تلنگانہ پولیس نے مہاراشٹرا سے آنے والے راستہ کو بند کردیا اور گاڑیوں کو بھی تلنگانہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ پولیس نے کاما ریڈی ضلع کے صلابت پور میں قومی شاہراہ پر چیک پوسٹ قائم کئے ہیں اور گاڑیوں کو تلنگانہ میں داخل ہونے سے روکا جارہا ہے ۔
پولیس اور ریونیو عہدیدار چیک پوسٹ پر تعینات ہیں اور وہ مہاراشٹرا کے مسافرین اور ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کو واپس کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں کورونا کیسیس کی صورتحال انتہائی سنگین ہے اور مہاراشٹرا کے عوام کی تلنگانہ آمد و رفت کے نتیجہ میں سرحدی اضلاع میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ حکام نے راستوں کی ناکہ بندی کے ذریعہ مہاراشٹرا سے عوام کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔
بتایا جاتاہے کہ قومی شاہراہ کے بجائے دیہاتوں کے اندرونی علاقوں سے لوگ تلنگانہ میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ حکام نے تمام سرحدی گاؤںکے عوام کو اس سلسلہ میں چوکس کردیا ہے ۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مہاراشٹرا کی سرحد سے متصل تمام راستوں پر پولیس کے زائد دستے تعینات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ نظام آباد ، کاما ریڈی ، حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے خانگی دواخانوں میں پڑوسی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 20 سے 30 فیصد بتائی جاتی ہے ۔
اگر مہاراشٹرا سے سرحدوں کو بند نہیں کیا گیا تو تلنگانہ میں صورتحال مزید ابتر ہوجائے گی۔تلنگانہ میں علاج کی غرض سے آنے والے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے افراد کو سرحد پر روکنے سے اُن میں شدید برہمی اور ناراضگی دیکھی گئی ۔ مہاراشٹرا میں کورونا وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اور مہاراشٹرا ملک کی پہلی ریاست ہے جو کورونا وباء سے شدید طور پر متاثر ہے ۔ جب کہ تلنگانہ میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے ۔  

متعلقہ خبریں

Back to top button