بین ریاستی خبریں

مہاراشٹرا میں کورونا ویکسین کا بحران ،صرف 3 دن کا ہے اسٹاک ، کئی سینٹر بند ہونے پر مجبور

ممبئی:(اردودنیا.اِن)مہاراشٹر میں کئی مقامات پر کوڈ ویکسین کی کمی کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ بہت سی جگہوں پر صرف تین دن کا اسٹاک ہے۔ ممبئی اور بہت سے دیگرشہروں میں ویکسین کا ذخیرہ تیزی سے ختم ہورہا ہے ، جس میں ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بتایا کہ ریاست نے مرکز کو اس بحران سے آگاہ کردیا ہے۔ٹوپے نے کہا کہ ریاست میں ویکسین کا ذخیرہ صرف تین دن کے لئے باقی ہے۔ ہم نے مرکز سے درخواست کی ہے کہ وہ ہمیں مزید ویکسین بھیجیں۔

یہ حالت اس ریاست کی ہے جہاں ہر روز کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔ ممبئی میں اسٹاک صرف تین دن کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے منگل کے روز ایک ویڈیو کانفرنس میں مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سے اس بارے میں بات کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آج تک 14 لاکھ خوراک دستیاب ہیں جس کا مطلب ہے کہ صرف تین دن کا اسٹاک ہے۔

لہٰذا اگر ہم روزانہ پانچ لاکھ ویکسین کی خوراکیں دیتے ہیں تو ہمیں ہر ہفتے 40 لاکھ خوراکوں کی ضرورت ہوگی۔ ٹوپے نے بتایا کہ انہوں نے ڈاکٹر ہرش وردھن کو بتایا کہ ہمارے بہت سارے ویکسی نیشن مراکز میں ویکسین نہیں ہے ، جس کی وجہ سے انہیں بند کرنا پڑا ہے۔ کورونا ویکسین نہیں ہے اس لیے وہ لوگوں کو واپس بھیج رہے ہیں۔ میں آپ سے اپیل کررہا ہوں کہ ہمیں یہ ویکسین فراہم کریں۔

مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کے دعوے کی تردیدکی

مرکزی حکومت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مہاراشٹرا کو 1 کروڑ 6 لاکھ کورونا ویکسین فراہم کی گئی ہے۔ ان میں سے مہاراشٹراحکومت نے 90 لاکھ استعمال کی ہیں۔ موصولہ معلومات کے مطابق ، مہاراشٹرا میں تقریباََ 16 لاکھ ویکسین دستیاب ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مہاراشٹر کو مزید 7 لاکھ ویکسین ارسال کی گئی ہیں ، جو مہاراشٹرا میں بھیجی جانے والی روزانہ خوراک کے برابر ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button