سی بی آئی جانچ حکم کے بعدمہاراشٹرا کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے دیااستعفیٰ بدعنوانی کے ہیں الزام
ممبئی :(اردودنیا.اِن)بدعنوانی کے الزامات کو لے کر تنازعات میں چل رہے مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے پیر کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنا استعفیٰ شیئر کیا ، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اخلاقی بنیادوں پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں ، انہوں نے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے استعفیٰ قبول کرتے ہوئے عہدے سے آزاد کرنے کی درخواست کی۔
پیر کے روز بامبے ہائی کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو ان الزامات کی ابتدائی جانچ شروع کرنے کا حکم دینے کے بعد انہوں نے استعفیٰ دیا ہے ، جس میں دیش مکھ پر بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے ممبئی پولیس کے سابق کمشنر پرمبیر سنگھ نے کہا تھا کہ انہوں پولیس افسران کو وصولی کے لیے ایک ہدف متعین کیا تھا۔مراٹھی میں لکھے گئے اپنے استعفے میں انیل دیشمکھ نے کہا ہے کہ اب جب ہائی کورٹ نے سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا ہے ، تو پھر اخلاقی طور پر اپنے عہدے کو جاری رکھنا بہتر نہیں ہے ،
لہٰذا اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں ۔وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر پرمبیر سنگھ نے بامبے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ، جس میں انہوں نے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ پرمبیر کے الزامات کے مطابق دیش مکھ نے متعدد پولیس افسران کو ہر ماہ 100 کروڑ روپئے کی وصولی کی ہدایت کی تھی۔



