نئی دہلی(ایجنسیز):راشٹروادی کانگریس پارٹی سپریمو شرد پوار نے کہا کہ بی جے پی کی مہاراشٹر سرکار گرانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو گی انہیں پورا بھروسہ ہے کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی مہاوکاس اگھاڑی اتحاد سرکار پوری طرح سے مستحکم ہے اور ریاست میں سرکار چلاتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار اتحاد اور ان کے اہل خانہ کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی )کی کارروائی اقتدار کا غلط استعمال ہے ۔ ساق مرکزی وزیر شرد پوار نے بدھ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی سرکار بنے ایک سال ہو گیا انہوں نے اسے دو مہینے بعد گرانے کی کوشش کی پھر چھ مہینے بعد اور آٹھ مہینے بعد بھی گرانی چاہی لیکن ایسا کچھ نہیں ہو گا یہ ایک مستحکم سرکار ہے اور قائم رہے گی ۔ دھیان رہے کہ مہاوکاس اگھاڑی اتحاد سرکار میں شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس کے اتحاد کو پچھلے مہینے ہی ایک سال پورا ہو گیا ہے حالانکہ اس مدت میں بی جے پی لیڈر یہ کہتے رہے کہ نظریاتی تضاد کی وجہ سے یہ حکومت جلد ہی گرجائے گی۔
بی جے پی اور شیوسینا نے ۲۰۱۹؍میں اسمبلی انتخاب ساتھ مل کر لڑا اور جیتا تھا لیکن ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعلی عہدے کی ضد پکڑنے کے بعد اتحاد توڑ لیا تھا اور مخالف خیالات والی این سی پی اور کانگریس کے ساتھ مل کر سرکار بنائی تھی ۔ کہا جاتا ہے کہ شرد پوار نے اتحادی سرکار بنانے کے لئے این سی پی ، کانگریس اور شیوسینا کو ملایا تھا ۔ شیوسینا کے لیڈر اور سامنا کے ایڈیٹر سنجے راوت کی بیوی ورشا راوت کو ای ڈی کے نوٹس کے بارے میں پوچھے جانے پر شردپوار نے کہا یہ اقتدار کا غلط استعمال ہے ۔ای ڈی نے پی ایم سی بینک سے جڑے ۴۳۰۰؍کروڑ روپیہ کی رقم کے معاملے میں پوچھ تاچھ کے لئے ورشا راوت کو طلب کیا ہے ۔ شردپوار نے کہا انہوں نے ایک بار مجھے بھی نوٹس دینے کی کوشش کی تھی لیکن اسے واپس لے لیا گیا ۔میں بینک کے بورڈ کا رکن بھی نہیں تھا اور نہ ہی بینک میں میرا کوئی اکاونٹ ہے ۔
پچھلے سال ای ڈی نے مہاراشٹر کوآپریٹیو بنک میں مبینہ بدعنوانی کے تعلق میں ایک مجرمانہ معاملہ درج کیا تھا اور شردپوار ،ان کے بھتیجے اجیت پوار و دیگر کے کردار ایجنسی کی جانچ کے گھیرے میں آئی تھی ۔ معلوم ہو کہ ای ڈی نے شردپوار کو سمن نہیں کیا لیکن این سی پی چیف نے اس وقت زور دیا تھا کہ وہ جانچ ایجنسی کے دفتر جائیں گے ۔ قانون نظم و نسق کی حالت کے مدنظر ریاستی پولیس نے شردپوار کو منانیا جس کے بعد انہوں نے دفتر جانے کا خیال چھوڑ دیا ۔
شیوسینا لگاتار الزام لگا رہی ہے کہ مرکزی جانچ ایجنسی غلط طریقے سے اس کے لیڈران کو نشانہ بنا رہی ہے ۔حال ہی میں این سی پی میں شامل ہوئے بی جے پی کے سابق لیڈر ایکناتھ کھڑسے کو بھی پونا میں زمین کے سودے میں رقم میں خرد برد معاملے کی جانچ کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کے لئے ای ڈی نے طلب کیا تھا ۔پچھلے مہینے ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے معاملے میں شیوسینا کے رکن اسمبلی پرتاپ سر نائک کے احاطوں پر چھاپہ ماری کی تھی ۔