
باندرا – ورلی سی لیک دو دن کیلئے بند، ساحلی اضلاع سے لوگوں کو کیا جا رہا ہے منتقل
ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر کے جنوبی ساحل سمندرپر ’تاؤ تے‘ نامی سمندری طوفان کا خطرہ بدستور جاری ہے۔ 18 مئی کو یہ گجرات کے ساحلی علاقوں کو ٹکرائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سے قبل مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں جیسے رائے گڑھ ، سندھوڈورگ ، ممبئی اور پلوگھر سمیت کوکن کے کچھ علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔ طوفان کے دوران ان علاقوں میںتیز ہوائیں 175 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پہنچ سکتی ہیں۔
ساحلی علاقوں میں ممکنہ خطرات کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے خصوصی طور پر ضلعی انتظامیہ ، ڈویژنل کمشنر اور ساحلی علاقے پال گھر ، رائے گڑھ ، رتناگری اور سندھو درگ کے ساحلی علاقوںکے ضلعی کلکٹرز کومستعد رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان اضلاع کے ساحلی علاقوں میں واقع گاؤں کے با شندوں کو بھی دوسرے مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔
دریں اثناء یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ علی باغ سے مچھلی پکڑنے گی 15 کشتیاں ابھی بھی سمندر میں ہی ہیں۔ طوفان کے خطرے کے پیش نظر تمام کشتیوں کو جمعہ کے روز ہی واپس آنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ رائے گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ نے ساحل سے ملحق تمام تعلقہ کے تحصیلداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ساحل کے قریب بسنے والے لوگوں کی منتقلی کے لئے مکمل انتظامات کریں۔
وہیں طوفان سے تحفظ کیلئے ممبئی میں تمام جمبو کوڈ مراکز اور دیگر کووڈ مرکز کو محفوظ بنانے کا کام جاری ہے،اگرچہ ممبئی کو طوفان سے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے ، تاہم بی ایم سی نے کئی احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔



