
چنئی:(اردودنیا.اِن)نوجوان فاسٹ بولر محمد سراج ہندوستان کے لئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کے لئے سخت محنت اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار ہیں۔محمد سراج نومبر 2017 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیل کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں ڈیبو کرنے کے بعد ہندوستان کے لئے پانچ ٹیسٹ ، ایک ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔
آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے لئے کھیلنے والے سراج کا کہنا ہے کہ وہ تینوں فارمیٹ میں کھیلنا چاہتے ہیں اور انہوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ ساتھی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور ایشانت شرما کو دیا ۔سراج نے آر سی بی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ جب بھی میں بولنگ کرتا تھا ، جسپریت بمراہ میرے پیچھے کھڑے رہتے تھے ۔
انہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ اپنے فطری کھیل پر قائم رہو اور مزید کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان جیسے تجربہ کار کھلاڑی سے سیکھنا اچھا لگا۔انہوں نے کہا کہ میں نے ایشانت شرما کے ساتھ بھی کھیلا ہے ، انہوں نے 100 ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ ان کے ساتھ ڈریسنگ روم کا اشتراک کرنا اچھا لگ رہا ہے۔ میرا خواب ہندوستان کے لئے سب سے زیادہ وکٹ لینا ہے اور جب بھی موقع ملے گا میں محنت کروں گا۔



