میرٹھ : کالج کے گیٹ پر نویں کے طالب علم کا گولی مار کر قتل ،گرل فرینڈ ‘‘کو لے کر جھگڑا
میرٹھ: (اردودنیا.اِن) یوپی کے میرٹھ میں بدھ کے روز نویں جماعت کے ایک طالب علم کو اس کے اپنے کلاس فیلو نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ملزم طالب علموں نے یہ واقعہ کالج کے گیٹ پر ہی انجام دے دیا ۔ مقتول طالب علم اپنا رزلٹ لینے کالج پہنچا تھا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ معاملہ عشقیہ داستان کا شاخسانہ ہے۔ پولیس معاملہ کی چھان بین میں شامل ہے۔ ملزم طالب علم اپنے گھر سے فرار بتایا جارہا ہے ۔یہ سنسنی خیز معاملہ تھانہ بہسوما علاقہ میں نوجیون انٹر کالج کے باہر کا ہے۔
سیف پور فیروز پور کا رہائشی نتن انٹر کالج میں 9 ویںکلاس کا طالب علم تھا۔ طلبا ء بدھ کی سہ پہر کالج کے گیٹ پر رزلٹ لینے کے لئے جمع تھے، نتن بھی رزلٹ لینے پہنچاتھا، اسی درمیان ونش کمار نامی طالب علم نے کالج کے باہر اپنے ساتھی طالب علم نتن کو گولی مار دی۔فائرنگ کی وجہ سے طلباء میں بھگدڑ مچ گئی۔ادھر ملزم طالب علم گولی مار کر موقع سے فرار ہوگیا۔
دوسرے لوگوں نے زخمی طالب علم کونزدیکی شفاخانہ میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں نے طالب علم کو مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے ملزم طالب علم کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی بھی شروع کردی ہے، تاہم پولیس نے ابھی تک ملزم طالب علم کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ پولیس پوچھ گچھ میں ان دونوں طالب علموں کے مابین ’’ گرل فرینڈ ‘‘کو لے کر جھگڑا ہوا تھا۔
باہمی لڑائی کے بعد ونش کمار نے نتن کو گولی مار دی۔انسپکٹر مکیش نے بتایا کہ جب ملزم طالب علم کی تلا ش میں اس کے گھر پردبش دی گئی ،تو پتہ چلا کہ وہ اور اس کا کنبہ گھر میں تالے لگا کر فرار ہوگیا ہے۔اسکول کے پرنسپل روی رام نے بتایا کہ دونوں میں جھگڑا ہوا تھا ، لیکن تنازعہ کیا تھا؟ اس سلسلے میں زیادہ جانکاری نہیں ہے ۔سی او ادے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ قتل کے پیچھے معاشقہ وجہ دریافت ہوئی ہے ،تاہم تحریر ملنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔



