نئی دہلی،20جنوری(اردودنیانیوز)سی بی آئی نے بینک دھوکہ دہی کی ملزم کمپنیوں کے خلاف تحقیقات میں مبینہ طور پر سمجھوتہ کرانے کے واسطے رشوت لینے کے معاملے میں سی بی آئی نے اپنے دو افسران ڈی ایس پی آر کے رشی، انسپکٹر کپل دھنکھڑ اور ایک وکیل کو گرفتارکیاہے۔تینوں کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ سہارنپور اور روڑکی میں بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔بتادیں کہ سی بی آئی نے ماضی میں اپنے چار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور انسپکٹر کپل دھنکھڑ اور اسٹینوگرافر سمیر کمار سنگھ کو معطل کیا تھا۔
حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ ایجنسی نے محکمہ عملہ اورتربیت سے سفارش کی ہے کہ وہ ڈی ایس پی آر کے رشی اور آر کے سنگوان کے خلاف انتظامی کارروائی کریں۔ 8 صفحات پر مشتمل ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات کے مطابق انسپکٹر دھنکھڑ نے سانگوان اور رشی سے رشوت کی رقم لی۔ جو شری شیام پلپ اینڈ بورڈ ملز کے حق میں اپیل کر رہے تھے۔ اس کمپنی پر 700 کروڑ روپئے کے بینک دھوکہ دہی معاملے اور فروسٹ انٹرنیشنل 3600 کروڑ روپے کے بینک دھوکہ دہی معاملے میں الزامات لگ چکے ہیں۔



