نارد ااسٹنگ معاملہ: بنگال کے وزرا ء کی گرفتاری کے بعد سی بی آئی دفتر کے باہر جمع ہوئے ٹی ایم سی کارکن
کولکاتہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ناردا گھوٹالہ کیس میں مغربی بنگال میں سی بی آئی کے ذریعہ ممتا حکومت میں وزرا ء کی گرفتاری کے بعد پارٹی کے حامیوں نے کولکاتہ میں سی بی آئی آفس کے باہر احتجاج کیا۔ بڑی تعداد میں پہنچنے والے ٹی ایم سی کارکنوں نے نعرے بازی کی۔ اس دوران وہاں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے پارٹی کارکنوں کو دفتر کے اندر جانے سے روکا۔
سی بی آئی نے پیر کو ترنمول کانگریس کے رہنماؤں فرہاد حکیم، سبرت مکھرجی اور مدن میترا کے ساتھ پارٹی کے سابق رہنما شوبھن چٹرجی کوناردا اسٹنگ معاملے میں کلکتہ میں گرفتار کیا۔
ناردا اسٹنگ اس معاملے میں کچھ رہنماؤں کے ذریعہ مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے معاملے کا انکشاف ہواتھا، سی بی آئی نے حکیم، مکھرجی، میترا اور چٹرجی کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے منظوری حاصل کرنے کے لئے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھن کھڑ سے رجوع کیا تھا۔ 2014 میں مبینہ جرم کے وقت وہ تمام وزیر تھے۔
دھن کھڑ نے چاروں رہنماؤں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی منظوری دے دی تھی، جس کے بعد سی بی آئی اپنی چارج شیٹ تیار کرکے ان سب کو گرفتار کرلیا گیا۔واضح رہے کہ چاروں رہنماؤں کو پیر کی صبح کولکاتہ کے نظام محل میں سی بی آئی کے دفتر لے جایا گیا تھا۔ ان رہنماؤں کی گرفتاری کی خبر آنے کے فورا بعد ہی مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اپنے رہنماؤں کے ساتھ سی بی آئی آفس پہنچ گئی تھیں۔



