قومی خبریں

ناسک آکسیجن اِخراج سانحہ :سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی جانیں 32 منٹ میں کیا ہوا ،جس سے 25 مریض فوت ہوگئے

ناسک :(اردودنیا.اِن)گزشتہ دنوں مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں ذاکر حسین اسپتال کے آکسیجن ٹینک میں اخراج کی سی سی ٹی وی فوٹیج جمعہ کے روز سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ اخراج درحقیقت ٹینک میں آکسیجن بھرنے کے دوران پیش آیا۔ اس کے بعدمرمت کئے جانے کی وجہ سے آکسیجن کی سپلائی آدھے گھنٹے کے لئے موقوف رکھی گئی تھی، اُدھر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے 25 مریضوں کی موت ہوگئی۔

صبح 11.55لیکوڈ آکسیجن کا ٹینکر ذاکر حسین اسپتال میں ری فلنگ کے لئے پہنچا۔ 12:03پر آکسیجن ٹینکر سے اسپتال میں آکسیجن ٹینک میں پائپ جوڑ کر آکسیجن بھرے جانے کا عمل شروع ہوا ۔ 12:12 پر ٹینک میں آکسیجن بھرتے وقت ان لیٹ ناپ کے پاس دباؤ بڑھ جاتا ہے ، صرف ایک منٹ میں دباؤ اتنا شدید ہو جاتا ہے کہ لیکوڈ آکسیجن نکلنا شروع ہوجاتا ہے۔ 12:14 پر اس سے جڑے ایک پائپ میں بھی اخراج شروع ہوجاتا ہے،پھر اچانک دھماکہ ہوتا ہے اور آس پاس کے علاقے میں آکسیجن پھیل جاتا ہے ۔ 12:15پر موقع پر موجود افراد فوری طور پر آکسیجن کی سپلائی بند کردتے ہیں ۔

12:17 پر اسپتال کے آئی سی یو میں افراتفری مچ جاتی ہے اور مریض کے تیمار دار پریشانی کے شکار ہوجاتے ہیں۔12:25 پر اسپتال انتظامیہ نے فائر محکمہ کو فون کیا۔12:26پر فائر بریگیڈ کی ٹیم صرف 9 منٹ میں موقع پر پہنچ جاتی ہے ۔ 12:26فائر بریگیڈ پانی کا چھڑکاؤ کرکے اخراج پر قابو پانے کی کوشش کرتی ہے۔

12:34 پر آکسیجن کی فراہمی دوبارہ بحال کردی جاتی ہے ، لیکن زیادہ دباؤ کی وجہ سے اسے دوبارہ روک دیا جاتا ہے۔ 12:46 منٹ پراخراج کا حصہ مکمل طور پر ٹھیک ہونے کے بعد آکسیجن کی فراہمی دوبارہ شروع کردی جاتی ہے۔ واضح ہوکہ کمپنی کی طرف سے موجود ٹیکنیشن کے بغیر ٹینک میں آکسیجن بھری جارہی تھی ۔ اسپتال کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین گنیش گیتی نے اس پورے معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button