ناندیڑ:(اردودنیا.اِن) ہولا محلہ جلوس کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے کے سلسلے میں مہاراشٹر کے ناندیڑ میں 400 سے زائد افراد کے خلاف اقدام ِ قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک20 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ حملے میں 4 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے،پولیس ٹیم پر تلوا ر ، پتھر اور لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا ،جب وہ بغیر اجازت کے ناندیڑ صاحب میں ہولا محلہ میں جلوس روکنے گئے تھے،کیونکہ اس جلوس کی اجازت کرونا کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر نہیں دی گئی تھی۔
اس کی روک تھام کے لئے شر انگیزوں نے ایس پی اور ڈی ایس پی کی گاڑیوں پر بھی حملہ کردیا۔ ہجوم اچانک گرودوارے سے باہر آگیا اور اس نے بیری کیڈ توڑ کر پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا۔ اس تشدد کے دوران کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ڈی آئی جی، نثار تمبولی نے بتایا کہ سکھ طبقہ کے ذریعہ ناندیڑ کے حضور صاحب گرودوارہ میں ہولا محلہ کا جلوس نکالا جاتا ہے۔
کورونا وبا کی وجہ سے اس جلوس کو باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ اس بارے میں گرو دوارہ کمیٹی کو بھی اطلاعات فراہم کر دی گئیں اور انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ ہدایات پر عمل کریں ۔ واضح ہ و کہ اس حملے میں چاروں زخمی پولیس اہلکار اسپتال میں داخل ہیں۔ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ ہدایت کے باوجود نشان صاحب کو شام 4 بجے گردوارہ کے گیٹ پر لایا گیا۔ جب پولیس والوں نے منع کیا تو سکھ نوجوان ان کے ساتھ الجھ گئے اور اچانک 400 سے زیادہ افراد ہتھیاروں کے ساتھ باہر آکر پولیس اہلکاروں پر ٹوٹ پڑے، اس حملے میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل کی حالت تشویشناک ہے۔



