نوئیڈا: اسپتال کے باہر خاتون کی کار میں ہوئی موت ، التجا کرنے کے باوجود نہیں ملا بستر
نوئیڈا:(اردودنیا.اِن)ملک بھر میں مسلسل کورونا کے ریکارڈنئے کیسز نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے دعووں کو بے نقاب کردیا ہے۔ نہ تو لوگوں کو بستر مل رہے ہیں اور نہ ہی آکسیجن ، یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ اتر پردیش میں بستروں کی کمی نہیں ہے ،
لیکن اترپردیش کے سب سے ہائی پروفائل شہر نوئیڈا میں بیڈ کی کمی کی وجہ سے لوگ سڑک پر ہی دم توڑ رہے ہیں۔ 35 سالہ جاگریتی گپتا نوئیڈا کے گورنمنٹ جم اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی کار میں تڑپتی رہیں ۔ لیکن اسپتال نے انہیں کہہ دیا کہ نہ تو بیڈ ہے اور نہ ہی آکسیجن۔ جمعرات کی صبح ساڑھے بارہ بجے جاگریتی کے ساتھ یہاں آنے والے لوگ بار بار ڈاکٹروں سے التجا کرتے رہے۔ تقریباً3 گھنٹوں کے بعد جاگریتی نے کار میں دم توڑ دیا ۔ جاگریتی پیشے سے انجینئر تھیں اور گریٹر نوئیڈا میں کام کرتی تھیں۔
کنبہ مدھیہ پردیش میں ہے۔واقعے کے عینی شاہد سچن نے بتایا کہ جاگریتی جو یہاں رہتی ہے ، اسے اسپتال لایا تھا ، وہ بار بار اسپتال سے جاگریتی کا علاج کرنے کی درخواست کررہا تھا ، لیکن کچھ نہیں ہوا ، آخر جاگریتی دم توڑ گئی ۔ نوئیڈا میں اس وقت صورتحال بہت خراب ہے ، سرکاری اسپتالوں کے باہر کورونا مریضوں کے اہل خانہ مایوسی کے ساتھ لوٹ رہے ہیں۔
سب کو بتایا گیا ہے کہ یہاں کوئی بستر نہیں ہے۔ نوئیڈا انتظامیہ نے ایک آن لائن کوویڈ ٹریکر بنارکھا ہے ، جہاں آکسیجن اور آئی سی یو بیڈ سمیت کل 2568 بیڈ موجود ہیں۔ لیکن ایک بھی خالی نہیں ہے۔ جب ہیلپ لائن پر کال کرکے معلومات حاصل کی گئی تو معلوم ہوا کہ پورے نوئیڈا گریٹر نوئیڈا میں کہیں بھی بستر نہیں ہے۔



