جموں:(اردودنیا.اِن)چھتیس گڑھ کے سکما سے نکسلیوں کے چنگل سے بازیاب ہونے والے سی آر پی ایف کے کوبرا کمانڈو راکیشور سنگھ منہاس جمعہ کو جموں پہنچ گئے۔ جموں پہنچنے پر راکیشور اور ان کے اہل خانہ نے میڈیا اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ 3 اپریل کو راکیشور کو چھتیس گڑھ کے سکما میں نکسلیوں کے ساتھ تصادم کے بعد نکسلیوں نے اغوا کرلیا تھا۔جموں کے ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد وہ سیدھے جموں کے ایک ریزارٹ گئے جہاں پولیس، سی آر پی ایف اور اس کے کنبہ کے افراداور دوست موجودتھے۔
یہ سب لوگ راکیشور کو مبارکباد دینے یہاں آئے تھے۔جموں پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے راکیشور سنگھ نے کہا کہ جب وہ نکسلیوں گرفت میں تھے تب بھی انہوں نے ہمت اور امید نہیں چھوڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج اپنے گھر واپس آکر وہ اچھا محسوس کررہے ہیں۔ راکیشور نے میڈیا اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔اسی دوران ان کی اہلیہ مینو منہاس نے بھی میڈیا اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ابھی راکیشور سے نہیں مل سکی ہیں اور ابھی تک انہیں صرف ان کی حالت معلوم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 3 اپریل کو چھتیس گڑھ کے بیجا پور ضلع میں نکسلیوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کرکے راکیشور سنگھ منہاس کو یرغمال بنا لیا تھا۔ تصادم کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 22 اہلکار شہید جبکہ 31 دیگر فوجی زخمی ہوئے تھے۔



