ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعے بی جے پی حکومت عوام کو لوٹ رہی ہے: ناناپٹولے
مودی بھکتی کی پٹی آنکھوں پر باندھنے کی وجہ سے بی جے پی لیڈران کو ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ نظر نہیں آرہا ہے: تھورات
ایندھن کی قیمتوں کے اضافے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر سمیت وزراء وممبران اسمبلی سائیکل سے ودھان بھون پہونچے
ممبئی(اردودنیا.اِن) پٹرول وڈیژل پر آبکاری ٹیکس عائد کرکے عوام کی محنت کی کمائی کومرکز کی بی جے پی حکومت لوٹ رہی ہے۔یہ حکومت عوام کولوٹنے والی حکومت ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ یہ سخت تنقید آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کی ہے۔ واضح رہے کہ آج ریاستی کانگریس کے صدر کے ساتھ کانگریس کے تمام وزراء وممبران اسمبلی نے بابائے قوم مہاتماگاندھی کے مجسمے کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سائیکل سے ودھان بھون گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی صدر ناناپٹولے نے کہا کہ مرکزکی مودی حکومت نے پٹرول،ڈیژل اور کوکنگ گیس کے سیلنڈروں کی قیمت میں اضافہ کرکے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں جبکہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت نہایت کم ہے، مرکزی حکومت ایندھن پر ٹیکس بڑھا کر عوام کولوٹ رہی ہے۔ روڈ ڈولپمنٹ سیس جو یو پی اے کے دورِ حکومت میں ۴ روپئے تھا وہ بی جے پی حکومت نے بڑھا کر 18روپئے کردیا ہے۔
پٹرولیم پر عائد ٹیکسیس کو اگر ہٹا دیا جائے تو پٹرول کی قیمت آج کی تاریخ میں 32روپئے72پیسے فی لیٹر اورڈیژل کی قیمت33روپئے46پیسے ہوجائے گی۔ لیکن مودی حکومت نے ڈیژل پر820فیصد اور پٹرول پر258فیصد ٹیکس لگا کر پٹرول کی قیمت 100روپئے تک اور ڈیژل کی قیمت 90روپئے تک پہونچادیا ہے جبکہ ممبئی میں پاور پٹرول کی قیمت 100سے متجاوز ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا ایل پی جی سیلنڈر کی قیمت بڑھا کر 825روپئے کردیا گیا ہے جس کے خلاف عوام میں زبردست ناراضگی وبے چینی ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے میں مودی حکومت نے تمام حدوں کو پار کردیا ہے۔ مرکزی پٹرولیم وزیر دھرمیندر پردھان نے یہ کہتے ہوئے لوگوں کے زخموں کے نمک چھڑکا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ سردی کی وجہ سے ہوا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ مرکزی حکومت ایندھن کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران2014سے قبل ایندھن کی قیمتوں کے خلاف بہت چیخ چلارہے تھے، آج وہی لیڈران نریندرمودی کی سربراہی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ روزآنہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام کی جیب کے پیسے ناحق طریقے سے لوٹے جارہے ہیں۔ مودی سرکار کو عوام کی آوازنہیں سنائی دیتی، اس کے بہرے پن کا علاج کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آج سائیکل ریلی نکال کر مودی حکومت کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لے۔ عوام کے احساس کو حکومت تک پہونچانے کی ہماری کوشش ہے۔ مرکزی حکومت کو اس کانوٹس لینا چاہیے وگرنہ یہ صورت حال مزید سنگین ہوجائے گی۔
اس سائیکل ریلی میں ریاستی صدر و وزیرمحصول کے ساتھ وزیرتعمیرات اشوک چوہان، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، بازآبادکاری کے وزیر وجیئے ویڈیٹی وار، وزیرٹیکسٹائل اسلم شیخ، خواتین واطفال کے بہبود کی وزیر یشومتی ٹھاکور، وزیرتعلیم ورشا گائیکواڑ، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ، ریاستی وزیر ستیج پاٹل، ریاستی وزیر ویشواجیت کدم، قانون ساز کونسل میں کانگریس کے لیڈر شرد رنپسے، سابق وزیر وریاستی کانگریس کے کارگزار صدر عارف نسیم خان، ایم ایل اے کنال پاٹل، ایم ایل اے پرنیتی شندے، ایم ایل اے امیت جھنک، ایم ایل اے دھیرج دیشمکھ، ایم ایل اے ہیرامن کھوسکر، ایم ایل اے لہو کانڈے، ایم ایل اے ڈاکٹر سدھیر تانمبے، ایم ایل اے پرتبھا دھانورکر، ایم ایل اے سلبھا کھوڈکے، ایم ایل اے موہن راؤ ہمبرڈے، ایم ایل اے سبھاش دھوٹے، ایم ایل اے راجو پاروے، ایم ایل اے راجو آولے، ایم ایل اے شریش نائیک، ایم ایل اے رتوراج پاٹل، ایم ایل اے جینت آسگاؤنکر، ریاستی جنرل سکریٹری رام کشن اوجھا، ریاستی ترجمان ڈاکٹر راجو واگھمارے، اتل لونڈھے، ڈاکٹر سنجیے لاکھے پاٹل، سکریٹری راجارام دیشمکھ سمیت کانگریس کے دیگر عہدیدارن ووزراء شریک تھے






