تلنگانہ کی خبریں

وزراء کے الزامات چیف منسٹر کے دفتر سے روانہ اسکرپٹ : ایٹالہ راجندر

ہر ایک کی تاریخ سے عوام واقف، میرے پاس فہرست موجود،غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ

تلنگانہ ::(اردودنیا.اِن)سابق وزیر ایٹالہ راجندر نے بعض وزراء اور قائدین کی جانب سے ان پر الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس میں کوئی بھی شخص بھلے ہی وہ وزیر کیوں نہ ہو اپنی مرضی سے اظہار خیال نہیں کرسکتا جو اسکرپٹ انہیں دیا جاتا ہے اسی کو میڈیا کے سامنے ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن وزراء نے انکے خلاف الزام تراشی کی ہے وہ دراصل چیف منسٹر کے دفتر سے فراہم اسکرپٹ ہے۔ ایٹالہ راجندر نے حضور نگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس میں کسی کو اپنی مرضی سے اظہار خیال کا اختیار نہیں ہے۔
میں نے ٹی آر ایس میں 20 برس تک اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں اور میرے پاس تمام افراد کی فہرست موجود ہے جو طرح طرح کی بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے ریاستی وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ کم از کم ریاستی وزیر نہ سہی ایک انسان کی حیثیت سے سوچھ سمجھ کر بات چیت کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن وزراء نے ان کے خلاف بیان بازی کی ہے کم از کم چیف منسٹر کے پاس ان کا احترام ہونا چاہیئے کیونکہ اب تک کسی بھی وزیر کو اس کا جائز مقام حاصل نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی وزراء کے بیانات کو ان کے ضمیر پر چھوڑتے ہیں۔ میں کسی پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتا۔ مجھے ٹی آر ایس اور چیف منسٹر کے سی آر کے سبب یہ مقام حاصل ہوا ہے۔ میں نے کبھی بھی ٹی آر ایس کے خلاف کام نہیں کیا۔ چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے کے ٹی آر کی امیدواری کی مخالفت نہیں کی بلکہ خیرمقدم کیا۔ مجھ پر منصوبہ بند طریقہ سے الزام تراشی کے ذریعہ کردار کشی کی کوششیں افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جو وزراء میرے خلاف بیان بازی کررہے ہیں انہوں نے مجھ سے نجی ملاقات میں جو کہا ہے میں جانتا ہوں۔
چیف منسٹر کے ڈکٹیٹر رویہ کے خلاف کئی وزراء نے اظہار خیال کیا۔ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں ان کی حصہ داری کے بارے میں سوال پر انہیں تکلیف پہنچی ہے۔ تلنگانہ تحریک میں میرا رول کیا تھا اس سے تلنگانہ کے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عوام ہر کسی کی تاریخ و جغرافیہ سے واقف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں اگر وہ قصور وار پائے جاتے ہیں تو وہ کسی بھی سزا کو بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button