
وزیر اعظم نریندر مودی 23 جنوری کومغربی بنگال کے دورے پر جائیں گے
نئی دہلی:(اردونیانیوز) مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے لئے سیاسی جماعتوں نے اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست میں حکومت سازی کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے ، اسی دوران پارٹی کے بڑے رہنما دورے پر ہیں۔ 23 جنوری کونیتا جی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش ہے ۔اس دن وزیر اعظم نریندر مودی مغربی بنگال کے دورے پر جارہے ہیں۔وزیر اعظم مودی کئی گھنٹوں تک بنگال میں رہیںگے اور کولکاتہ میں نیتا جی بوس سے متعلق بہت سے پروگراموں میں شریک ہوں گے۔
مودی نیشنل لائبریری کا دورہ کریں گے ، وکٹوریہ میموریل میںبھی رہیںگے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ نیتا جی کے خطوط پر چھپی ایک کتاب کی نقاب کشائی کی جائے گی۔ وزیر اعظم مودی یہاں پروگرام میں آزاد ہند فوج کے ممبروں سے بھی ملاقات کریں گے ، جس کے آخر میں وزیر اعظم مودی کے خطاب کے لئے ایک پروگرام ہے۔
واضح رہے کہ بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل آنے والی نیتا جی کی یوم پیدائش پر نہ صرف ہندوستان کی حکومت بلکہ ریاستی حکومت بھی بہت سارے پروگرام کررہی ہے۔ ان کا انعقادبنگال حکومت ٹی ایم سی کررہی ہے ۔ نیتا جی کی موت، ان کے خطوط ایک بہت ہی حساس موضوع رہا ہے ، یہی وجہ ہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم میں اس سے فائدہ اٹھانے کی تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں۔



