
گوہاٹی: (اردودنیا.اِن)وزیر اعظم نریندر مودی نے آج انتخابی ریاست آسام کے دھیما جی سے انڈین آئل کی بونگائی گائوں ریفائنری کی آئی این ڈی ایم اے ایکس اکائی ،ڈبرو گڑھ کے مدھوبن میں آئل انڈیا لمٹیڈ کے سیکنڈری ٹینک فارم اور تن سکھیا کے مکوم میں واقع ہیبڈا گائوں میں گیس کمپریشر اسٹیشن ملک کے نام وقف کیا۔
انہوں نے دھیما جی انجینئرنگ کالج کا افتتاح کرنے کے علاوہ آسام میں سلکوچی انجینئرنگ کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔آسام کے گورنر پروفیسر جگدیش مکھی ،آسام کے وزیر اعلیٰ سربانند سونو وال ،پٹرولیم اور گیس کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان اور خوراک کی ڈبہ بندی کی صنعت کے وزیر مملکت رمیشور تیلی بھی اس موقع پر موجودتھے۔
اس موقع پر موجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ شمال مشرق بھارت کی ترقی کا نیا انجن بنے گا اور وہ آسام کے عوام کے لیے مزید کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے یاد کیا کہ 8دہائی پہلے برہم پترا میں نارتھ بینک میں کس طرح جوئے موتی فلم کے ساتھ آسامی سینما کو جنم دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس خطے نے ایسی بہت سی شخصیات کو جنم دیا ہے جنہوں نے آسام کی ثقافت کو آگے بڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز ی اور ریاستی حکومتیں آسام کی متوازن ترقی کیلئے مل کر کام کررہی ہیں اور اس کی بڑی بنیاد ریاست کا بنیادی ڈھانچہ ہے۔حزب اختلاف کی تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاہے کہ نارتھ بینک کے وسیع امکانات کے باوجود پہلے کی حکومتوں نے اس خطے کے ساتھ سوتیلا برتائوکیا اور کنکٹویٹی ،اسپتالوں ،تعلیمی اداروں اور اس علاقہ کی صنعتوں کو اپنی ترجیحات میں شامل نہیں کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہاہے کہ حکومت’سب کا ساتھ ،سب کا وکاس،سب کا وشواس‘کے منترکے ساتھ کام کررہی اور اس نے امتیاز کو ختم کیا ہے۔انہوں نے حکومت کے ذریعہ آسام میں شروع کیے گئے دیگر پروجیکٹوں کے بارے میں بھی بتایا۔انہوں نے کہاپے کہ آج اس خطے میں تین ہزار کروڑ سے زیادہ کے توانائی اور تعلیمی افرانسٹرکچر کے پروجیکٹ شروع کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاہے کہ یہ پروجیکٹ توانائی اور تعلیم کے مرکز کے طور پر اس خطے کی شناخت کو مضبوط کریں گے اور آسام کی علامت بنیں گے۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کو لگاتار خود کفیل بننے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی طاقت اور صلاحیتو ں میں اضافہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں بھارت کی ریفائنری کی صلاحیت،خاص کر بونگائی گاوں ریفائنر ی میں کافی اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے کہاہے کہ آج جس یونٹ پلانٹ کا افتتاح کیا گیا ہے اس سے ایل پی جی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اورآسام اور شمال مشرق کے لوگوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔
اس کے علاوہ اس سے اس خطے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے چائے اگانے والے چھوٹے کسانوں کو پٹہ پر زمین دینے کی آسام حکومت کی مہم کی تعریف کی ہے۔انہوں نے کہاہے کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ آسام کے لوگ ترقی اورپیش رفت کے ڈبل انجن کو مضبوط بنائیں۔
پی ایم مودی کا ایک ماہ میں تیسری بار دورۂ بنگال
وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو ایک ماہ میں تیسری بار مغربی بنگال پہنچے۔ ہگلی میں انہوں نے بنگالی لب و لہجے میں کہا کہ اب مغربی بنگال نے ’پری برتن‘(تبدیلی) کا اپنا ذہن بنا لیا ہے۔ ٹی ایم سی پر طنز کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بنگال کی ترقی کے سامنے ’ماں ، ماٹی اور منوشیہ‘ کی بات ایک دیوار بن چکی ہے۔
مودی نے بنگالی لہجے میں کہا، بنگال اب ’پری برتن ‘ کا ذہن بنا چکا ہے
خیال رہے کہ یہاں بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس پروگرام سے دور رہیں۔ مودی نے کہا کہ آپ لوگوں کا یہ جوش و خروش کولکاتہ سے دہلی تک ایک بہت بڑا پیغام دے رہا ہے۔ اب مغربی بنگال نے پری برتن (تبدیلی) کے لئے اپنا ذہن بنالیا ہے۔ آج مغربی بنگال اس سرزمین کے ذریعے اپنی ترقی کے عزم کو ثابت کرنے کے لئے بڑے اقدامات کررہا ہے۔
مودی نے کہا کہ ہگلی کے مغربی بنگال ریل اور میٹرو رابطے کے منصوبہ کے سنگ بنیاد اور افتتاح پر بنگال کے روشن مستقبل کے لئے بہت ساری مبارکبادپیش کرتا ہوں۔ دنیا کے تمام ممالک جو غربت سے نکل آئے ہیں یا غربت کے خاتمے میں کامیاب ہوگئے ہیں ، یا ترقی یافتہ ہیں ، ایک چیز مشترک ہے،
وہ یہ کہ ان ممالک نے صحیح وقت پر بڑی تعداد میں انفراسٹرکچر بنایا،جدید شاہراہوں ، ریلوے اور ایئر ویز نے ان ممالک کو آگے لے جانے میں ان کی مدد کی ہے۔ ایک طرح سے یہ تبدیلی کی ایک بہت بڑی وجہ بن گئی۔ ہمیں دہائیاں قبل بھی یہی کام کرنا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔مودی نے کہا کہ اب ہمیں تاخیر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک لمحہ بھی نہیں کھونا ہے۔ انفراسٹرکچر پر خصوصی زور دیا جارہا ہے۔ ترقی کے ہر پہلو کی ایک بنیادی ضرورت ہے۔
پچھلے ایک سال میں تمام قسم کی شاہراہ ، ریلوے ، ایئر وے اور واٹر وے کے رابطے پر توجہ دی گئی ہے۔ بنگال میں ہزاروں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ ریلوے لائنوں کی چوڑائی اور بجلی کے کام کا کام تیز رفتار سے جاری ہے۔ بنگال میں ریلوے کے حوالے سے امکانات کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔ ایسٹ فریڈ کوریڈور کا بڑا فائدہ بنگال کو پہنچنے جا رہا ہے۔
اس کا ایک حصہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ بہت جلد پورا کوریڈور کھل جائے گا۔بنگال کے کسانوں کو خصوصی کسان ریل کا فائدہ مل رہا ہے۔وہیں مودی نے کہا کہ تمام سرکار نے بنگال گورور کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔
اس کو کو نظر انداز کئے جانے کے پیچھے کئی طرح کی سیاست ہے۔ یہ سیاست حب الوطنی ، ووٹ بینک ، سب کی ترقی کی بجائے سماج کو لبھانے پر زور دیا گیا ہے۔ بنگال کے عوام ووٹ بینک کی سیاست کے لئے ثقافت کی توہین کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔
مودی نے کہا آج میں بنگال کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ جب بنگال میں بی جے پی کی حکومت بنے گی، تو ہر بنگالی پوری طاقت کے ساتھ اپنی ثقافت کی شان بڑھا سکے گا۔



