دبئی:(اردودنیا.اِن)بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا مسلسل تقابل ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی سے کیا جاتا ہے۔ کوہلی نے گزشتہ کچھ وقت میں سنچری نہیں بنائی ہے اور بابر مسلسل رنز بنا رہے ہیں۔ ون ڈے میں نمبر ون درجہ بندی حاصل کرنے کے بعد بابر اب ٹی ٹونٹی میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔ وراٹ بدھ کو جاری کی گئی آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی 20 بیٹنگ کی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر ہے۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی بیٹنگ کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ جبکہ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے ہم وطن ڈیون کانوے چوتھے نمبر پر ہیں۔ پانچویں نمبر پر ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی ہیں۔آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی تازہ بیٹنگ رینکنگ جاری کی، جس میں پاکستانی کپتان کوایک مقام کا فائدہ ہوا ۔
آسٹریلیائی کپتان فنچ تیسری پوزیشن پر کھسک گئے ہیں جبکہ بابر نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ پہلے سے پانچویں مقام کی درجہ بندی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ بابر نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں سنچری اسکور کی تھی۔ 4 میچوں میں ایک سنچری کی بدولت 210 رنز بنائے تھے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔اب پاکستان ٹیم کو زمبابوے کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ جنوبی افریقہ کے مقابلے زمبابوے ٹیم کو کم تر سمجھا جارہا ہے۔
یہاں بابر کو مزید پوائنٹس حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ فی الحال پہلی پوزیشن پر قابض ملان کے 892 پوائنٹس ہیں جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے بابر کے پاس 844 پوائنٹس ہیں۔ فنچ کے پاس 830 اور کانوے کے پاس 774 پوائنٹس ہیں۔ ہندوستانی کپتان 762 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔



