
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورونا وائرس کی دوسری لہر نے پورے ملک میں تباہی مچا رکھی ہے ۔ کورونا کیسز اور اس سے ہونے والی اموات کے اعدادوشمار میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ادھر کانگریس کے رہنماراہول گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین ، آکسیجن اور دوائوں کے ساتھ وزیر اعظم بھی غائب ہیں۔ اگر کوئی چیز موجود ہے تو وہ ہے سینٹرل وسٹا ، ادویات پرجی ایس ٹی اور اِدھر اُدھر پی ایم کی تصادیر ۔
راہول گاندھی نے بدھ کو بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ افسوسناک خبر بار بار آرہی ہے۔ بنیادی مسائل ابھی تک حل نہیں ہوسکے ہیں۔ اس وبا میں ہمارے ملک کے لوگ کب تک مرکزی حکومت کا ظلم برداشت کریں گے؟ جن کی جواب دہی ہے وہ کہیں چھپے بیٹھے ہیں ۔ واضح رہے کہ کورونا بحران کے درمیان مسلسل ویکسین ، آکسیجن اور ادویات کی کمی بات سامنے آرہی ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز ملک میں کورونا کے 362727 نئے کیسزدرج ہوئے جبکہ 4120 افراد کی موت ہوئی۔اس کے ساتھ ہی مریضوں کی کل تعداد23703665 ہوگئی ہے۔ جبکہ اب تک 258317 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ 3710525 افراد زیر علاج ہیں۔



