
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 11 ریاستوں کے وزیر صحت کے ساتھ کورونا وائرس کی صورتحال پر ایک میٹنگ کی۔ وزیر صحت نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ویکسین کی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے اس سے متعلق کچھ اعدادوشمار بھی شیئر کیے۔وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا کہ ملک میں آج صبح تک ریاستوں کو 14 کروڑ 15 لاکھ ویکسین کی خوراک سپلائی کی جا چکی ہے۔
تمام ریاستوں نے ویسٹیج سمیت تقریبا 12 کروڑ 57 لاکھ 18 ہزار ویکسین کی خوراکیں استعمال کی ہیں۔ اس وقت ریاستوں کے پاس ایک کروڑ 58 لاکھ خوراکیں ہیںاور سپلائی کے اندر ویکسین کی 1 کروڑ 16 لاکھ 84 ہزار خوراکیں ہیں۔ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔مرکزی وزارت صحت کے مطابق 16 اپریل تک 30 لاکھ سے زیادہ ٹیکہ لگانے کے ساتھ ہی ملک میں دی جانے والی ویکیسن کی خوراک کی تعداد 12 کروڑ ہوگئی ہے۔
کل 66689 کوویڈ ویکسی نیشن سینٹرز (سی وی سی) چل رہے ہیں۔ ملک میں دی جانے والی کورونا ویکسین کی تعداد 119937641 ہے۔ان میں 9104680 ایسے ہیلتھ ورکرز شامل ہیں جن کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے اور 5669734 ایسے ہیلتھ ورکرز ہیںجن کو دوسری خوراک دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 1 کروڑ 6 لاکھ فرنٹ لائن ورکرزہیں جن کو پہلی خوراک دی گئی ہے جبکہ 52 لاکھ 95 ہزار فرنٹ لائن ورکرز ہیںجن کو دوسری خوراک دی گئی ہے۔



