قومی خبریں

پانچ ریاستوں میں 65 فیصد فعال کیسز، 10 ریاستوں میں 86 فیصد اموات

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر بے قابو ہوتی جارہی ہے۔ آج مسلسل تیسرے دن کورونا کے دو لاکھ سے زیادہ نئے کیسزکی تصدیق ہوئی ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 234692 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 1341 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ہندوستان کی 16 ریاستوں میں ہر روز کورونا کے کیسز بڑھتے جارہے ہیں ، جبکہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران صرف 10 ریاستوں میں ہی نئے کیسز اور اموات کی اطلاع ملی ہے۔

کورونا ہر روز اپنا ریکارڈ توڑ رہا ہے۔ گزشتہ دن کے مقابلے میں ہر روز کورونا انفیکشن کے زیادہ کیسز درج ہورہے ہیں۔ وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 234692 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 1341 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 45 لاکھ 26 ہزار 609 ہوگئی ہے۔ جن میں سے 175649 افراد اس انفیکشن کی وجہ سے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

ہندوستان میں اب تک 12671220 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ ملک میں فعال کیسز کی تعداد اب بڑھ کر 1679740 ہوگئی ہے جو کل کیسوں کا 11.56 فیصد ہے۔مرکزی وزارت صحت کے مطابق اس وقت ہندوستان میں 65 فیصد فعال کیسز صرف پانچ ریاستوں میں ہیں۔ یہ مہاراشٹر ، اتر پردیش ، چھتیس گڑھ ، کرناٹک اور کیرالہ ہے۔

سب سے زیادہ فعال کیسزمہاراشٹرا میں 38.09فیصد ہیں۔ اس کے بعد اترپردیش میں 8.97فیصد ، چھتیس گڑھ میں 7.40فیصد، کرناٹک میں 6.39فیصد اور کیرالا میں 4.18فیصدکیسز ہیں۔اسی طرح گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے نئے کیسز میں سے79فیصدکیسزدس ریاستوں میں رپورٹ ہوئے۔

یہ ریاستیں مہاراشٹر ، اترپردیش ، دہلی ، چھتیس گڑھ ، کرناٹک ، مدھیہ پردیش ، کیرالہ ، گجرات ، تمل ناڈو اور راجستھان ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز مہاراشٹرا میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں 63729 نئے کیسز درج ہوئے ہیں۔ اسی طرح اترپردیش میں 27360 ، دہلی میں 19486 ، چھتیس گڑھ میں 14912 ، کرناٹک میں 14859 ، مدھیہ پردیش میں 11045 ، کیرالا میں 10031 ، گجرات میں 8920 ، تمل ناڈو میں 8449 اور راجستھان میں 7359 فعال کیسزہیں۔جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کی وجہ سے 86 فیصد اموات 10 ریاستوں سے ہوئیں۔

مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ مہاراشٹر میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 398 اموات ہوئیں۔ اس کے بعددہلی میں 141 ، چھتیس گڑھ میں 138 ، اترپردیش میں 103 ، گجرات میں 94 ، کرناٹک میں 78 ، مدھیہ پردیش میں 60 ، جھارکھنڈ میں 56 ، پنجاب میں 50 ، تمل ناڈو میں 33 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ ہندوستان میں صحت یابی کی شرح 87.23 فیصد ہے جبکہ شرح اموات 1.20 فیصد ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button